Agay Kia Bheja

Book Name:Agay Kia Bheja

نیکیوں کا بیج بونے کا مہینا

اَلحمدُ لِلّٰہ! رَجَب شریف کی آمد ہو چکی ہے، رَجَب بہت بابرکت اور عِزّت و حُرمت والا مہینا ہے۔جنّتی صحابی حضرت انس بن مالِک  رَضِیَ اللہ عنہ  فرماتے ہیں: رَجَب شریف کا مہینا آتا تو اللہ پاک کے مَحْبوب نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ ُعَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم یہ دُعا کیا کرتے: اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِی رَجَبٍ وَّ شَعْبَانَ وَبَلِّغْنَا رَمَضَانَ یعنی اے اللہ پاک! تُو ہمارے لیے رَجَب اور شعبان میں برکتیں عطا فرما اور ہمیں رمضان تک پہنچا۔([1])

آئیے! ہم بھی یہ دُعا پڑھ لیتے ہیں:

اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِی رَجَبٍ وَّ شَعْبَان وَبَلِّغْنَا رَمَضَان

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ ُعَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم

مشہور مُفسرِ قرآن مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ حدیثِ پاک کی شرح میں فرماتے ہیں: اس دُعائے مصطفےٰ (صَلَّی اللہ ُعَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم) کا مطلب یہ ہے کہ اے اللہ پاک! رَجَب میں ہماری عبادتوں میں برکت دے اور شَعْبَان میں خُشُوع و خُضُوع عطا کر اور رمضان کو پانا، اس میں روزے رکھنا، راتوں کو عبادت کرنا نصیب فرما۔ صُوفیائے کرام فرماتے ہیں: رَجَب بیج بونے کا مہینا ہے، شَعْبَان پانی دینے کا اور رَمضان شریف  فصل کاٹنے کا مہینا ہے، رَجَب میں نوافِل میں خوب کوشش (Effort) کرو! شَعْبَان میں اپنے گناہوں پر آنسو بہاؤ اور رمضان میں اللہ پاک کو راضی کر کے اس کھیت کو خیریت سے کاٹو!([2])

میں رحمت، مغفرت، دوزخ سے آزادی کا سائِل ہوں مہِ رمضان کے صدقے میں فرما دے کرم مولا


 

 



[1]...مُسْنَد بَزّار، مسند انس رَضِیَ اللہُ عنہ، جلد:13، صفحہ:117، حدیث:6496۔

[2]...مرآۃ المناجیح، جلد:2، صفحہ:330 بتغیر قلیل  ۔