Bemari Ke Aadaab

Book Name:Bemari Ke Aadaab

اللہ غالِب ہے

اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:

هُنَالِكَ الْوَلَایَةُ لِلّٰهِ الْحَقِّؕ- (پارہ:15، سورۂ کہف:44)

تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: یہاں پتہ چلتا ہے کہ تمام اِخْتیار  سچّے اللہ کا ہے۔

ایک مقام پر اللہ پاک نے فرمایا:

وَ هُوَ الْقَاهِرُ فَوْقَ عِبَادِهٖ (پارہ:7، سورۂ انعام:61)

تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان:اور وہی اپنے بندوں پر غالب ہے۔

پیارے اسلامی بھائیو! *ہم بیمار ہوتے ہیں، پِھر صحت بھی پا جاتے ہیں*کبھی ہم بیمار ہوتے ہیں تو لمبے عرصے تک بیماری چلتی رہتی ہے، ہم ڈاکٹرز(Doctors)کے پاس جاتے ہیں، دوائیں (Medicines)لیتے ہیں*بعض دفعہ آپریشن بھی ہوتے ہیں*کبھی ڈاکٹر کہتے ہیں تو دوسرے ملکوں میں بھی پہنچتے ہیں، لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں مگر شِفَا نہیں ملتی۔

ہم شِدَّت سے چاہتے ہیں کہ شِفَا مل جائے، یہ تمنّا کر رہے ہوتے ہیں کہ کونسا لمحہ ہو، ہم تندرست ہو جائیں مگر اِس شِدَّتِ تمنّا کے باوُجُود ہماری مرضِی نہیں چَلْ پا رہی ہوتی۔ اِس سے ہمیں مَعْلُوم ہوتا ہے کہ کوئی ہے جس کی مرضِی چل رہی ہے۔

کوئی تَو ہے جو نظامِ ہستی چلا رہا ہے، وہی خُدا ہے

جو رات کو دِن اور دِن کو رات بنا رہا ہے، وہی خُدا ہے

کسی کو سوچوں نے کب سراہا، وہی ہوا جو خُدا نے چاہا

جو سب کے ماتھے پہ مُہرِ قُدْرت لگا رہا ہے، وہی خُدا ہے