Book Name:Sawab Kise Kehty Hain?
ہمیشہ نیکی ہی کا رستہ اپنائیے!
سُبْحٰنَ اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو! یہ ہے :
لَمَثُوْبَةٌ مِّنْ عِنْدِ اللّٰهِ خَیْرٌؕ- (پارہ:1، سورۂ بقرہ:103)
تَرجَمۂ کَنزالْعِرفَان: تو اللہ کے یہاں کا ثواب بہت اچھا ہے۔
یعنی بندے کو نیکی کے صِلے میں جو کچھ ملتا ہے، اُسی میں بَھلائی ہے، وہی بہتر ہے۔ لہٰذا کوئی مُعَاملہ ہو، ہمیں کوئی طلب ہو، کوئی نتیجہ چاہتے ہوں، کوئی تمنّا ہو، اس کے لیے گُنَاہ کا رَسْتہ نہ اپنائیں، ہمیشہ نیکی ہی کا رستہ اپنائیں، اس کے نتیجے میں جو نعمت ملے گی، جو طلب پُوری ہو گی، اس میں بھلائی ہے۔ لہٰذا *جھوٹ کا رَسْتہ نہ اپنائیں، سچ کی راہ اپنائیں *رِشْوت دے کر کام نکلوائیں گے، کام ہو سکتا ہے تب بھی نکل جائے، نیکی کی راہ اپنا کر رِشْوت کی بجائے دُعائیں کر کے کام نکلوائیں گے، کام تب بھی ہو ہی جائے گا، رِشْوت سے نکلوائے گئے کام میں بَرَکت نہیں رہے گی، دُعاؤں کے صِلے میں بَرَکت بھی نصیب ہو جائے گی *حَسَد کر کے، دِل میں جلن پال کر، اَنا پرست ہو کر، دوسروں کی ٹانگیں کھینچ کر اُوپَر ہونے کی کوشش کریں گے تو دھڑام سے نیچے گِریں گے۔ اللہ پاک کے حُضُور عاجزی اپنائیں، دوسروں کا بَھلا کریں، رَبِّ کریم ایسی بلندیاں عطا فرمائے گا، جن کو زوال نہیں ہو گا۔
غرض؛ کوئی مُعامَلہ ہو، اس کے لیے گُنَاہ کی راہ اِختیار نہ کیجیے! اپنے مطلب، اپنی تمنّائیں نیکی کے رستے سے پُوری کریں، اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! بہترین بدلہ نصیب ہو گا۔ دُنیا بھی سَنْور جائے گی، آخرت بھی سَنْور جائے گی۔