Ahl e Suffah Ke Fazail

Book Name:Ahl e Suffah Ke Fazail

اے عاشقانِ رسول! اچھّی اچھّی نیّتوں سے عَمل کا ثواب بڑھ جاتا ہے۔ آئیے! بیان سننے سے پہلے کچھ اچھّی اچھّی نیّتیں کر لیتے ہیں، نیت کیجئے! ٭رضائے الٰہی کے لیے بیان سُنوں گا ٭بااَدَب بیٹھوں گا ٭خوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا ٭جو سُنوں گا، اُسے یاد رکھنے، خُود عَمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

دعائے مصطفے کی برکت

حضرت ابو ہریرہ  رَضِیَ اللہُ عنہ ؛صحابی رسول ہیں، آپ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ رمضان شریف کا مُبارَک  مہینا تھا، اَصْحابِ صُفّہ  (یعنی اپنا گھر بار چھوڑ کر علم دین سیکھنے، سکھانے کی خاطر مسجد نبوی شریف میں قیام فرمانے والے صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم) کا مَعْمُول مُبارَک یہ تھا کہ روزانہ روزہ رکھتے، افطار کے وقت کوئی مالدار صحابی  رَضِیَ اللہُ عنہ ہمیں اپنے گھر لے جاتے اور ثواب کمانے کے لیے روزہ اِفْطار کرواتے۔

٭ ایک مرتبہ یوں ہوا کہ کوئی بھی ہمیں لینے نہیں آیا، ہم نے یونہی بغیر کھائے رات گزار دی٭اَگلے دن پھر روزے کی نیّت کر لی، اِس رات بھی کوئی نہ آیا، ہم نے یہ رات بھی بھوکے گزاری٭تیسری رات بھی یونہی ہوا، اب 3دن کے مُسَلسل روزے ہم بغیر کچھ کھائے رکھ چکے تھے، بھوک کی سَخت شدّت تھی، اب تو جسم میں مزید طاقت بھی نہیں بچی تھی۔

پیارے اسلامی بھائیو! اب یہاں صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم کی ادا نوٹ کیجیے! 3دن کی بھوک، مسلسل روزے، کھانا مُیّسر نہیں آرہا، صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم نے اِس مشکل گھڑی میں کیا کیا...؟؟ اعلی حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں نا:

وہی ربّ ہے جس نے تجھ کو ہمہ تن کرم بنایا         ہمیں بھیک مانگنے کو تِرا آستاں بتایا