Book Name:اعوذ باللہ Parhnay Ke Fazail
یعنی اے لوگو! اللہ پاک کی عِبَادت پر قائِم رہ کر اور اللہ پاک کی نافرمانی میں شیطان کی پیروی نہ کر کے شیطان سے دُشمنی کرتے رہو!اِسے ہمیشہ ہی دُشمن جانتے رہو! ([1])
پیارے اسلامی بھائیو! شیطان اِنتہائی خَبِیث دُشمن ہے۔ انسان کے ساتھ دُشمنی کرنا، کسی حال میں بھی انسان سے دوستی نہ کرنا شیطان کی فِطْرت میں شامِل ہے۔ اِس خَبِیث کا بس ایک ہی مِشن ہے، وہ یہ کہ جیسے بھی ہو سکے، انسان کو جہنّم کا حقدار بنا دیا جائے۔ لہٰذا ہماری نَجات اِس میں ہے کہ ہم شیطان خَبِیث سے دُشمنی کریں اور اِسے خُود پر ہر گز قابُو نہ پانے دیں۔
حضرت یحیٰ بن مُعَاذ رازی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: شیطان فارِغ ہے، تم مَصْرُوف رہتے ہو، شیطان تُمہیں دیکھتا ہے، تم اُسے نہیں دیکھتے، تم اُسے بھول جاتے ہو، وہ تُمہیں نہیں بھولتا، تمہارے اندر اس کے جاسُوس موجود ہیں، پس یہ لازمی ہے کہ تم شیطان سے جنگ کرو! ورنہ ہلاکت سے مَحْفُوْظ نہیں رہ سکو گے۔([2])
اللہ پاک کی پناہ میں آجائیے...!!
پیارے اسلامی بھائیو! شیطان واقعی اِنتہائی خَطرناک دُشمن ہے، یہ وہ خَبِیث ہے، جو جان کو نُقصان نہیں پہنچاتا، اِیْمان چھین کر ہمیشہ کے لیے جہنّم کا حقدار بناتا ہے۔ لہٰذا سَعَادَت مند وہی ہے جو اِس خَبِیث سے دُشمنی کرے اور اِس کی چالوں سے ہمیشہ بچنے ہی کی کوشش کرتا رہے۔