Book Name:Musbat Soch Ki Barkat

خُدا کرے تیری ہڈیاں ٹوٹ جائیں...!!

ایک ماں کا دردناک واقعہ ہے، اس کا ایک جوان بیٹا تھا، جو بہت نیک، ماں کے ساتھ حُسْنِ سلوک کرنے والا تھا، اس نے تعلیم حاصِل کی، کام کاج میں مَصْرُوف ہوا، کماتا، اپنے ماں باپ کی خِدْمت کرتا اور اپنے والِد صاحِب کا ہاتھ بٹایا کرتا تھا، ماں باپ اپنے بیتے سے بہت خوش تھے، اس کے والِد کی ایک پُرانی عِمَارت تھی، وہ اسے گِرا کر دوبارہ تعمیر کرنا چاہتے تھے، ایک روز وہی نوجوان بیٹا وہاں کام کا جائِزہ لینے کے لئے اس پُرانی عمارت پر پہنچا، کام کا جائِزہ لیا جا رہا تھا کہ اچانک ایک دِیوار اس نوجوان پر گِری، اس کی ایک چیخ بلند ہوئی اور ہوا میں گم ہو گئی، مزدُوْرَوں نے جلدی سے ملبہ ہٹایا، نوجوان کو نکالا اور ہسپتا ل لے جایا گیا، گھر بھی خبر پہنچ چکی تھی، ہنستی مسکراتی، بیٹے کے ناز اُٹھانے والی ماں پر گویا قیامت ٹوٹ گئی، دِل سکتے میں آگیا، بیٹے کا دُکھ اپنی جگہ...!! دُکھی ماں کو اس وقت اپنے ماضی کی ایک یاد زیادہ دُکھ پہنچا رہی تھی، برسوں پہلے کی بات تھی، یہی نوجوان بیٹا جب چھوٹا تھا، ایک روز یہ گھر میں کھیل رہا تھا، کھیلتے کھیلتے اس سے ایک شیشے کا ڈیکوریشن پیس گِرا اور ٹوٹ گیا۔ ڈیکوریشن پیس ٹوٹنے کی آواز سُن کر ماں دوڑی دوڑی آئی، قیمتی ڈیکوریشن پیس ٹوٹا ہوا دیکھ کر غُصّے سے بولی: اللہ کرے تجھ پر دِیوار گرے اور تیری ساری ہڈیاں ٹوٹ جائیں۔

آہ! آج ماں کی دِی ہوئی بددُعا پُوری ہوئی، جوان بیٹے پر دِیوار گری، اس کی ساری ہڈیاں ٹوٹ گئیں، ماں ہسپتال پہنچی، بیٹا آخری سانسیں لے رہا تھا اور ماں اس کے سرہانے کھڑی کہہ رہی تھی: میرا بیٹا گھر کے تمام برتن توڑ لے مگر کاش! مجھے چھوڑ کر نہ جائے...!!