Book Name:Rajab ALLAH Ka Mahina Hai
رجب کا روزہ گناہوں کا کفارہ ہے
سُلطانُ الْمُفَسِّرِین ، حضرت عبد اللہ بن عبَّاس رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا سے روایت ہے ، بےچین دِلوں کے چین ، نبئ حَرَمَیْن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : رَجَب کے پہلے دِن کا روزہ 3سال کا کفارہ ہے ، دوسرے دِن کا روزہ 2 سال کااور تیسرے دِن کا روزہ ایک سال کا کفارہ ہے ، پھر ہر دِن کا روزہ ایک ماہ کا کفارہ ہے (یعنی رَجَب شریف کے یہ روزے گُنَاہِ صَغیرہ کی معافی کا ذریعہ بن جاتے ہیں)۔ ([1])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
نُوح عَلَیْہِ السَّلَام کی کشتی میں رجب کے روزوں کی بہار
ایک حدیثِ پاک میں ہے : اللہ پاک کے پیارے رسول ، رسولِ مقبول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : * جس نے رجب کا ایک روزہ رکھا تو وہ ایک سال کے روزوں کی طرح ہو گا * جس نے 7روزے رکھے ، اس پر جہنّم کے ساتوں دروازے بند کر دئیے جائیں گے * جس نے 8 روزے رکھے ، اس کے لئے جنّت کے آٹھوں دروازے کھول دئیے جائیں گے * جس نے 10 روزے رکھے ، وہ اللہ پاک سے جو کچھ مانگے گا ، اللہ پاک اسے عطا فرمائے گا * اور جس نے 15روزے رکھے تو آسمان سے ایک اِعْلان کرنے والا اِعْلان کرتا ہےکہ (اے بندے!) تیرے پچھلے گُنَاہ بخش دئیے گئے ، پَس تُو نئے سِرے سے عَمَل شروع کر کہ تیری بُرائیاں نیکیوں سے بدل دی گئیں۔ پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مزید فرمایا : * جو اس سے زیادہ کرے ، اللہ پاک اسے زیادہ دے گا * اور رجب میں نُوح عَلَیْہِ السَّلَام کشتی میں سُوار ہوئے ، آپ نے خود بھی روزہ رکھا اور کشتی میں موجود افراد کو بھی روزے کا حکم دیا۔ ان کی کشتی 10 محرم تک 6 ماہ سَفَر میں رہی۔ ([2])