Book Name:Ramadan ki Baharain

بیان کا خلاصہ

        میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آپ نے سُنا کہ ماہِ رَمَضَان کتنی شان و عظمت والا مہینہ ہے،اس ماہ کے استقبال کے لئے جنّت کو سجایا جاتا ہے اور اس کے دروازے، اُمّتِ محمدیہ کے روزہ داروں کے لئے کھول دیئے جاتے ہیں ۔ پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَاپنے صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کو اس مہینے کی آمد کی خوشخبری سُناتے اور مُبارک باد دیتے ۔قیامت کے دن روزہ اور قرآن بندے کے حق میں شَفَاعَت  کریں گے ۔ جب ماہِ غفران کی آمدہوتی تو پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَعبادت کے لئے  کمربستہ ہوجاتے ۔ اس ماہ کی خُصُوصیّات میں سے یہ بھی ہے کہ اسی میں قرآنِ کریم نازل ہوا ۔ اللہعَزَّ  وَجَلَّ نے اُمَّتِ محمدیہ پر اس مہینے کے روزے فرض فرمائے ہیں ۔ روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کے بارے میں اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے فرمایا کہ” روزہ میرے لئے ہے اور اِس کی جَزا میں خود دُوں گا۔“روزہ دار کے اعضاء تسبیح کرتے ہیں ، اس کی دعائیں قبول ہوتی ہیں اور اس کا سونا عبادت میں شمار ہوتا ہے ۔ قیامت کے دن روزہ داروں کے لئے سونے کا دستر خوان رکھا جائے گاحالانکہ لوگ حساب کے منتظر ہوں گے۔روزہ داروں کا جنّت میں داخلہ بھی خاص دروازے سے ہوگا جس کا نام ”رَیّان“ ہے اور اس سے صرف روزہ دار ہی جنّت میں داخل ہوں گے ۔رَمَضَان میں شبِ قَدْر کو پوشیدہ رکھا گیا ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔ اس رات کو حاصل کرنے کے لئے اِعتِکاف کیا جاتا ہے ۔ جو ایمان کے ساتھ ثواب حاصل کرنے کی نیّت سے اِعتِکاف کرے ،اس کے تمام پچھلے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں، مُعْتَکِف مسجد میں رہ کر گناہوں سے بچا رہتا ہے لیکن باہر رہ کر جو نیکیاں کرتا تھا ان کا ثواب اسے اِعتِکاف میں بھی ملتا رہے گا۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ  ہمیں بھی رَمَضَانُ الْمُبَارَک  کی خوب خوب برکتیں حاصل کرنے کے لئے اِعتِکاف کی سَعادَت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمین بجاہِ النبی الامین صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم   

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                               صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد