Book Name:Ramadan ki Baharain

اِعتِکاف کی بہاریں لُوٹیئے

آیئے!احتِرامِ ماہِ رَمَضَانُ الْمُبَارَک  کا دل میں جذبہ بڑھانے، اس کی خوب برکتیں پانے، ڈھیروں ڈھیر نیکیاں کمانے اور خود کو گناہوں سے بچانے کیلئے تبلیغِ قرآن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ، دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والےپورے ماہِ رمضان یاآخری عشرے کے اِعتِکاف کی سَعادَت حاصل کرلیجئے ۔ اِعتِکاف کی بھی کیا خوب فضیلت ہے ۔ چنانچہ

اُمُّ الْمُؤمنِین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائِشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا  سے رِوایت ہے کہ سرکارِ ابدقرار،شفیعِ روزِ شمارصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ خوشبُودارہے:مَنِ اعْتَکَفَ اِیْـمَانًا وَّاِحْتِسَابًا غُـفِـرَ لَہ ٗ مَاتَـقَدَّمَ مِنْ ذَنْـبِـہٖ  یعنی جس شخص نے ایمان کےساتھ ثواب حاصل کرنے کی نیَّت سے اِعتِکاف کیا، اس کے تمام پچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔(جامع صغیر ص۵۱۶الحدیث۸۴۸۰)

سارے مہینے کا اِعتِکاف

 ہمارے پیارے پیارے اور رَحمت والے آقا، میٹھے میٹھے مصطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَاللہعَزَّوَجَلَّ کی رِضاجوئی کیلئے ہروقت کمربَستہ رہتے تھے اورخُصُوصاً رَمَضَان شریف میں عبادت کاخوب ہی اہتِمام فرمایاکرتے۔چُونکہ ماہِ رَمَضَان ہی میں شبِ قَدْر کو بھی پوشیدہ رکھاگیاہے، لہٰذااس مبارَک رات کو تلاش کرنے کیلئے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ایک بارپورے ماہِ مبارَک کا اعتِکا ف فرمایا۔چُنانچِہ حضرتِ سیِّدُناابوسعیدخُدْریرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  سے روایت ہے:ایک مرتبہ سلطانِ دوجہان، شَہَنشاہِ کون ومکان، رحمتِ عالمیان صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے یکُم رَمَضَان سے 20 رَمَضَان تک اِعتِکاف کرنے کے بعدارشادفرمایا: میں نے شبِ قدرکی تلاش کیلئے رَمَضَان کے پہلے عَشرہ کا اِعتِکاف کیا، پھردرمیانی عَشرہ کا اِعتِکاف کیا ،پھرمجھے بتایاگیاکہ شبِ قَدرآخِری عَشرہ میں ہے،لہٰذا تم میں سے جو شخص میرے ساتھ اِعتِکاف کرنا چاہے وہ کر لے ۔  (صحیح  مسلم ص۵۹۴حدیث۱۱۶۷)