فائدہ مند بیج

پودوں کے بیج بظاہر تو معمولی سےنظر آتے ہیں لیکن اللہ پاک نے ان میں غِذائیت کے اس قدر خزانے رکھے ہیں کہ ان پر ایک عرصے سے تحقیق جاری ہے اور اب تک کئی ایسے بیجوں کا سُراغ لگایا جا چکا ہے جوکہ بے شمُار طِبّی فوائد سے مالا مال ہیں۔ چند بیچوں کے فوائد پیشِ خدمت ہیں،ملاحظہ فرمائیں:

تُخْم ملنگا (Basil seeds): یہ کالے/سُرمئی کلر کا بیج ہوتا ہے جس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کا بہترین ذخیرہ پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ فائبر اور کیلشیم جیسی معدنیات، میگانیز اور فاسفورس بھی اس میں پایا جاتا ہے ۔ یہ خاص طور پر ہڈّیوں اور دانتوں کی صحّت کیلئے بہت مُفید ہے۔ سخت گرمی میں تخم ملنگا کو لیموں پانی، شربت یا دودھ میں ڈال کر پینا بہت فائدہ مند ہے۔

کدُّو کے بیج(Pumpkin seeds): ان میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء پائے جاتے ہیں جو جسم میں پیدا ہو جانے والی کسی بھی قسم کی سوزِش کے خلاف مُزاحَمَت کرتے ہیں۔ یہ بڑھتی عُمْر کے اَثْرات کو بھی کم کرتے ہیں،ان میں پایا جانے والا وٹامن اِی

جِلد(Skin) کے لئے بہت مفید ہے جبکہ کینسر کے مریضوں، دل کی بیماری میں مبتلا افراد اور ذیابیطس(Diabetes) سے پریشان لوگوں کے لئے بھی یہ بیج اہم غذا ہیں۔اس کے بیج کو چارمغز، پھلوں(Fruits) اور دیگرمیٹھی ڈشز(Sweet Dishes) میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اَلْسی کے بیج (linseed seeds): اَلْسی چھوٹی چھوٹی نازُک پتیوں والا ایک پودا ہے جس کے بیج سے تیل نکالا جاتا ہے۔ ان میں فائبر ،تین قسم کے فیٹی ایسڈ، اور اینٹی آکسیڈنٹ اَجْزا پائے جاتے ہیں جو خاص طور پر کولیسٹرول کے لئے فائدہ مند ہیں۔ یہ بیج ہمارے جسمانی مُدافَعتی نظام (Immune

System) کو مضبوط کر کے بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔انہیں اچھی طرح پیس کر سلاد، دودھ اور سینڈوچ وغیرہ کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سورج مکھی کے بیج (Sunflower seeds): ان بیجوں میں بھی وِٹامن اِی بکثرت پایا جاتا ہے جو کہ جوڑوں کے دَرْد میں مبتلا مریضوں کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔ ان میں کیلشیم پایا جاتا ہے جو خون کی رَوَانی میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور ہڈّیوں اور دانتوں کی صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔ انہیں بھون کر، جوشاندہ بناکر اور ان کے تیل بطور کوکنگ آئل بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

تِل (Sesame): یہ غِذائیت سے بھر پُور ہوتے ہیں اور زخموں کے جَلد ٹھیک ہونے اور بیماری سے جَلد شِفا پانے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ان میں خاص طور پر ہڈّیوں اور جوڑوں کے درد سے محفوظ رکھنے والے اَجْزا پائے جاتے ہیں جبکہ یہ خون کی گردِش کو بھی بہتر کرتے ہیں۔ خُصوصاً سَر کے درد میں مبتلا افراد کے لئے یہ بہت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں بُھون کر، لَڈُّو بناکر، ریوڑی کے طور پر، مِٹھائیوں،بَن، بِسکٹ میں اور ان کا آئل بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔

نوٹ: تمام غِذائیں استعمال کرنے سے پہلے اپنے طبیب (Doctor) سے ضرور مشورہ کرلیجئے۔

اس مضمون کی طبی تفتیش حکیم رضوان فردوس عطاری نے کی ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭… محمد عباس عطاری مدنی

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code