موبائل فری ہونے پر حوصلہ افزائی

جامعۃُ المدینہ احمد آباد (ہند) کے طلبۂ کرام کے موبائل فِری ہونے پر حوصلہ افزائی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مرکزی جامعۃُ المدینہ احمد آباد (ہند) کے طلبۂ کرام! اساتذۂ کرام کی خدمات میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مَا شَآءَ اللّٰہ! (رکنِ شوریٰ) سیِّد عارف علی شاہ صاحب نے طلبۂ کرام کی ویڈیو بھیجی اور یہ خوشخبری بھی دی کہ آپ ”موبائل فِری“ ہوگئے (یعنی موبائل فون کا استعمال چھوڑ دیا)، سُبْحٰنَ اللہ۔ موبائل فون اور سوشل میڈیا نے ایسے حالات بنا دئیے ہیں کہ آگے پتا نہیں کیا ہوگا! بہت سارا وقت اس میں صَرف ہورہا ہے۔ اگر آپ اپنے اس کہے پر اِستِقامت کے ساتھ قائم رہیں گے اور موبائل فون اور سوشل میڈیا سے اپنے آپ کو بچاکر رکھیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ اچّھے عالمِ دین بنیں گے۔ اللہ کریم!آپ سب کو عالمِ باعمل، مفتیِ اسلام اور دعوتِ اسلامی کا بہترین مبلغ بنائے،اٰمین۔ دیکھو!سب مل کر دعوتِ اسلامی کا مدنی کام بھی کرتے رہنا، دعوتِ اسلامی کا مدنی کام کرتے کرتے عالِم بنیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ اس کی بات ہی کچھ اور ہوگی! اللہ پاک آپ سب کو عافیت نصیب فرمائے۔ (دعوتِ اسلامی کے) قافلوں میں باقاعدگی سے سفر جاری رکھئے، علاقائی دورہ بھی کرتے رہئے، ”نیک کام“ جوکہ مدنی انعامات کا نیا نام ہے اس پر بھی عمل جاری رکھئے اور روزانہ غور و فکر کرکے (فکرِ مدینہ کی جگہ اب غورو فکر کہیں گے) آپ کو رِسالہ بھی پُر کرنا ہے (یعنی رسالے کے خانے بھی بھرنے ہیں) اور اسلامی ماہ کی پہلی تاریخ کو جمع بھی کروانا ہے اور 12مدنی کام کی خوب دھوم دھام مچانی ہے، اِنْ شَآءَ اللہ ۔

آپ تمام طلبۂ کرام کو حُجَّۃُ الْاِسلام امام محمد بن محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی ایک قیمتی نصیحت پیش کرتا ہوں، اِسے اپنے دل کے مدنی گلدستے میں سجائیے اور خوب بڑھ چڑھ کر مدنی کاموں میں حصہ لیجئے۔ چنانچہ آپ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ہر اہلِ علم کو چاہئے کہ کسی نہ کسی علاقے، شہر، محلے، مسجد یا کچھ لوگوں کی ذمّہ داری سنبھالے اور وہاں کے رہنے والوں کو علمِ دین سِکھائے اور یہ بتائے کہ ان کے لئے کون سی چیزیں دینی اعتبار سے نقصان دِہ ہے اور کون سی چیزیں فائدہ مند ہے۔ نیز کون سی چیزیں بدبختی کا سبب بَن سکتی ہیں اور کون سی چیزیں سعادت مندی کا۔(احیاء العلوم،4/63ماخوذاً) بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔ سب خوش رہو، اللہ کریم! آپ سب کو چل مدینہ بھی نصیب کرے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد


Share

موبائل فری ہونے پر حوصلہ افزائی

ہزارو ں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدَہ وَرْپیدا

یہ شعر نہ جانے آج سے پہلے کتنی عظیم ہستیوں کےبارے میں  پڑھا اور لکھا گیا ہے مگر  فی زمانہ اس شعر کا مصداق ایک ایسی عظیم علمی و روحانی ہستی ہے جسے دنیا ئے اسلام شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے  اَلقاب و نام سے جانتی و پہچانتی ہے۔ آپ کی پیدائش26رَمَضان  1369ھ/12جولائی 1950ء  کو پاکستان کے مشہور شہر کراچی کے ایک  میمن گھرانے  میں ہوئی۔ ابتدائی دینی و دنیوی  تعلیم  حاصل کرنے کے بعد  علمِ دین سے شغف کی بنا پر دینی کُتب کے مطالعے اور عُلمائے اہلِ سنّت کی صحبت کے ذریعے علمِ دین کا خزانہ سمیٹنے لگے۔ بالخصوص دارُالعُلوم امجدیہ عالمگیرروڈ  کراچی کے  مفتیِ اعظم پاکستان مفتی  محمد وقارُ الدّین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت میں تقریباً22سال تک  استفادہ کیا۔ آپ علم وعمل کے پیکر،سنّتوں کے عامل اورمسلمانوں کونیکی کی دعوت دینے کے جذبے سے سرشارہیں ۔معاشرے میں بے عملی کو طوفان کی صورت اختیار کرتا ہوا دیکھ کر آپ نے بے عملی کے آسیب سے چھٹکارا دلانے اور اُمّتِ مسلمہ کو بے عملی کے طوفان سے بچانے کیلئے عملاً کوششیں  شروع کیں۔ چنانچہ ماہ ِ ذو القعدہ 1401ھ/ستمبر 1981ءمیں دعوتِ اسلامی کی بنیاد رکھی گئی، آپ پر اُمّت  کی اصلاح کی دُھن سوار تھی،آپ  کی لگن  سچّی اور مقصد نیک تھا،اسی لئے  اللہ کے کرم سے دعوتِ اسلامی  کوبےپناہ مقبولیت ملی۔ اللہ پاک  نے آپ کو کئی صلاحیتوں سے نوازا ہے، آپ بَیَک  وقت مایہ ناز  مُبلّغ، بہترین مصنّف،نعت گو شاعراورعظیم مُنتظِم و مصلح (Administrator And Reformer) ہیں۔

امیر اہلِ سنّت کے سینکڑوں بیانات کی آڈیوکیسٹیں لاکھوں لوگوں تک پہنچیں اور مدنی چینل کاافتتاح ہونے کے بعد 300 سے زائد ویڈیو  بیانات جن کے دیکھنے والوں کی تعدادشمار سے باہر ہے  جبکہ آپ  کا سوال و جواب پر مشتمل ”مدنی مذاکرہ“ نامی ناصحانہ پروگرام دنیا بھرمیں ذوق وشوق سے دیکھا جاتا ہے۔ آپ  کا نعتیہ دیوان”وسائلِ بخشش“قابلِ ستائش اور مقبولِ خلائق  ہے۔ ادبی خدمات میں  مقبول ِ خاص  و عام  19کتابیں اور131رسالے شامل  ہیں، ان کتب و رسائل کے  کئی ایڈیشنز دنیا کی 37 زبانوں میں ترجمہ (Translation) ہوکر لاکھوں کی تعداد میں چھپ چکے ہیں، صرف فیضانِ سنّت کی بات کی جائے تو اکابر علمائے کرام کی تصدیق و تقریظ سے آراستہ اس کتاب کے  اکتوبر 2006ء سے لے کر اپریل 2019ء تک14ایڈیشن تقریباً2لاکھ 88 ہزار کی تعداد میں شائع ہو چکے ہیں جنہیں پڑھنے والوں کی  تعداد ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں میں ہے۔ اس کے علاوہ فیضانِ سنّت کا گجراتی،انگلش،سندھی،بنگالی اور ہندی زبان میں بھی اس کا ترجمہ ہو چکا ہے۔

”دعوتِ اسلامی“امیر ِاہلِ سنّت کی  انتظامی  صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے،اَلْحَمْدُ لِلّٰہ یہ  تنظیم  فرد کی  تربیت اور معاشرے کی ترقّی میں  شروع سے اب تک حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کرچکی ہے۔ آپ نےمعاشرے کی اصلاح کے لئے خودپاکستان کےتقریباً تمام بڑے شہروں، دیہاتوں اور بیرونِ ملک میں عراق، ساؤتھ افریقہ،عرب امارات، انڈیا وغیرہ  کاسفرکیا اور اس کارِ خیر کو مزید خوش اُسلوبی سے سرانجام دینے کےلئےایسے تربیت یافتہ مبلّغین ومبلّغات فراہم کئے جو غیر مسلموں کو ایمان کی دعوت دینے اور مسلمانوں کو نیک  بنانے میں مصروف ہیں۔

فرد کی   اصلاح  کے لئے روزانہ ،ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ سوالات پرمشتمل ”نیک کام“ ([1]) نامی رسالہ بھی  متعارَف کروایا ہے جسے روزانہ پُر کرنے والے سے آہستہ آہستہ خامیاں دُور اور خوبیاں پیدا ہوتی ہیں،اِس رسالہ کےذریعے اپنی بگڑی زندگی سنوارنے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے ۔ملک وبیرونِ ملک مَردوں  کی  اِصلاح کےلئے تقریباً1282(ایک ہزار دوسو بیاسی) ہفتہ وار اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، جس میں  کم وبیش پونے دو لاکھ افراد شرکت کرتے ہیں،جبکہ خواتین کے تقریباً 10288 (دس ہزاردو سواٹھاسی) ہفتہ وار اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، جن میں شرکت کرنے والیوں کی تعدادتقریباً325000(تین لاکھ پچیس ہزار) ہے۔

ملک  وبیرونِ ملک علمِ دِین سیکھنے اور سکھانے کا جذبہ لے کر 3دن ،12دن،1 ماہ اور 12ماہ کے قافلوں میں لاتعداد عاشقانِ رسول ملک اور بیرونِ ملک سفر کرتے ہیں۔

غالباً1397ھ/1977ءمیں آپ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان کے خلیفہ حضرت علّامہ مولاناضیاءُ الدّین احمد قادری مدنی سے سلسلہ ٔقادریہ رضویہ میں بیعت ہوئے ،  ان کے صاحبزادے مولانا حافظ فضلُ الرّحمٰن قادری مدنی رحمۃ اللہ علیہ، آپ کے خلیفہ مولانا محمد عبدالسلام قادری رضوی اوردیگرکئی علماومشائخ سے سلسلہ ٔ قادریہ سمیت کئی سلاسلِ طریقت  میں خلافت حاصل کی۔ آپ سلسلہ ٔعالیہ قادریہ رضویہ میں بیعت فرماتے ہیں، اس وقت دنیا بھر میں آپ کے لاکھوں لاکھ مریدین  و طالبین ہیں۔

امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ شخصی ومعاشرتی تعمیر (Personal And Society Development) کے  لئے دعوتِ اسلامی میں107 شعبے قائم کرچکے  ہیں مثلاً،تقریباً 65548 (پینسٹھ ہزارپانچ سواڑتالیس) طلبہ وطالبات کودِینی وعصری(دُنیاوی) تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والے757 (سات سوستاون) جامعاتُ المدینہ، اب تک 500 (پانچ سو) سے زائد کتابیں اور رسالے دینے والا ریسرچ سینٹر اَلْمدینۃُ الْعِلْمِیہ، لاکھوں کی تعداد میں معیاری کتابیں اور رسالے کم قِیمت میں دینے والا اشاعتی ادارہ  مکتبۃُ الْمَدینہ،معاشرے کے مختلف طبقوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئےدلچسپ  اور معلوماتی مضامین پر مشتمل ماہنامہ فیضان ِ مدینہ اورلوگوں کے روز مرہ  پیش آنے والے شرعی مسائل  کے بروقت شرعی  حل  کے  لئے  دار الافتاء اہلِ سنّت اورمجلس تحقیقاتِ شَرْعِیَّہ کا قیام  سرِفہرست ہے۔

”مجلسI.T“،یہ مجلس28ایپلی کیشنز اوردعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کی 20 ویب سائٹس بھی متعارَف کرواچکی ہے ”مجلسI.T کی ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس سےاستفادہ کرنے والوں میں  بھی دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔بچّوں اور بچّیوں کی   تعلیم و تربیت  کے  لئے  پاکستان میں دارُالمدینہ اسلامک اسکول سسٹم کی38 جبکہ انڈیا،  برطانیہ (UK) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (USA)میں6 شاخیں قائم ہوچکی ہیں۔ دارُالمدینہ اسلامک اسکول سسٹم  کے لئے برطانیہ ((UK کے ادارے Ofsted ((Office of Standards in Education سے اجازت اور ریاست ہائے متحدہ امریکا  (USA)میں California Department of Social Services Community Care Licensing Division سے لائسنس بھی حاصل کیا جاچکا ہے۔تین زبانوں(اردو، انگلش اور بنگلہ)میں 6 سیٹلائیٹ  کے ذریعے دنیا کے80 فیصد خطے کواپنی نشریات پیش کرنے والا عالَمِ اسلام کا 100فیصد اسلامی  چینل”مدنی چینل“ تو ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔

آپ نےدعوتِ اسلامی کے انتظامی معاملات کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھا بلکہ دعوتِ اسلامی  میں فہم وفراست میں ممتاز، تجربہ کار اور اپنے اپنے شعبے میں نمایاں  کارکردگی والوں کاانتخاب کرکے انہیں مرکزی مجلسِ شوریٰ میں شامل کیااور دعوتِ اسلامی کا نظام مرکزی مجلسِ شوریٰ کے حوالے کردیا۔امیر ِاہلِ سنّت کی دِینی خدمات سورج  کی طرح روشن ہیں، جن  کااعتراف آج دنیا بھر میں کیاجارہا ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…محمدناصر جمال عطاری مدنی 

٭…ذمّہ دار شعبہ فیضان اولیاوعلما ،المدینۃ العلمیہ کراچی



1   جسے پہلے مدنی انعامات کہا جاتا تھا۔


Share

Articles

Comments


Security Code