عقل مند بادشاہ

پیارے بچّو! آج ہم آپ کو ایسے شہرکے بارے میں بتاتے ہیں جہاں ایک عجیب وغریب قانون تھا کہ  سال کے آخر میں جو بھی اجنبی آدمی اس شہرمیں پہلی مرتبہ داخل ہوتا تو وہاں کےلوگ اس کا بڑا زور دار استقبال کرتے اور نعرے لگاتے: بادشاہ سلامت! بادشاہ سلامت! پھر اسے ایک سال کے لئے اپنا بادشاہ بنالیتے۔چنانچہ ایک دن دُور دَرَاز کے علاقے سے ایک نوجوان اس شہر میں داخل ہوا، لوگوں نے اسے دیکھا تو بادشاہ سلامت بادشاہ سلامت کے نعرے لگاتے ہوئے اسے شہر میں لے گئے اور بادشاہ کی کُرسی پر بٹھادیا، نوجوان کو جب کچھ سکون ملا تو اس نے پوچھا: مجھ سے پہلے جو بادشاہ تھا اس کا کیا ہوا؟ لوگوں نے کہا: سال کےآخرمیں اس شہر میں پہلی مرتبہ داخل ہونےوالے اجنبی انسان کو ہم صرف ایک سال کے لئے بادشاہ بناتے ہیں اور سال گزرنے کے بعد یہاں سے دور ایسے جنگل میں چھوڑ آتے ہیں جہاں وہ اگر بھوک سے نہ بھی مرے تو وہاں کے سانپ، بچھو اور درندے اسے مار ڈالتے ہیں اور اس طرح وہ ہلاک ہوجاتا ہے۔ نوجوان نے جب یہ سنا تو بہت خوف زَدَہ ہوا لیکن پھر خود کو سنبھالتے ہوئے کہا: مجھے وہ جگہ دکھائیں جہاں پر آپ ہر بادشاہ کو ایک سال بعد چھوڑ کر آتے ہیں چنانچہ لوگ اسے وہاں لے گئے اس جگہ کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد اس نے اپنی ایک سال کی بادشاہت میں اس شہر میں بہت اچھے اچھے کام کئے، لوگوں کو ہر طرح کا آرام پہنچایا اور شہر سے لے کر اسی جنگل تک ایک خوب صورت شاہراہ( سڑک) تیار کرائی اوراس کے کناروں پر بہت ساری کھانے پینے کی دکانیں بنوائیں اور دور دراز سے لوگوں کو لاکر یہاں بسادیا وہ جنگل جسے دیکھ کر لوگوں کو ڈر لگتا تھا اب ایک خوب صورت شہر بن چکا تھا جسے دیکھنے کے لئے لوگ دُور دور سے آنے لگے جب اس کی بادشاہت کا ایک سال مکمل ہوا تو اس نے کہا : مجھے بھی وہاں چھوڑ آؤ جہاں تم لوگ دوسرے بادشاہوں کو چھوڑ کر آتے تھے تو لوگوں نے کہا: آج سے آپ ہمارے مستقل بادشاہ ہیں ہم وہاں ان بادشاہوں کو چھوڑ کر آتے تھے جو اپنی ایک سال کی بادشاہت کی خوش حال زندگی پاکر بعد کی زندگی کو بھول جاتے تھے کہ انہیں وہاں بھی جانا ہے جہاں کوئی انسان نہیں ہے صرف سانپ بچھوؤں اور درندوں کا ٹھکانہ ہے جبکہ آپ اپنی ایک سالہ بادشاہت میں بعد کی زندگی کو نہیں بُھولے اور اس کے لئے پہلے ہی سے سارے انتظامات کر لئے ہیں۔ آپ عقل مند اور دُور اَندیش انسان ہیں اس لئے اب آپ ہی ہمارے بادشاہ رہیں گے۔

پیارے بچو! ہم نے اس واقعہ سے سیکھا کہ دنیا کی زندگی کی مُدّت چند سال ہے اور آخرت کی زندگی ہمیشہ رہنے والی ہے۔ آخرت کی زندگی اسی شخص کی اچھی رہے گی جو یہاں نیک عمل کرے گا اس کا فائدہ اسے قبر میں، میدانِ محشر میں، جنّت میں ہر جگہ نظر آئے گا اور اگر دنیا کی زندگی کو اچھا نہ بنایا نیک کام نہ کئے تو اس کے نقصانات قبر، میدانِ محشر، دوزخ ہر جگہ تکلیف وعذاب کی صورت میں برداشت کرنے ہوں گے۔ عَقْل مَنْد وہ ہے جو اس تھوڑی سی زندگی کو اچھے کاموں میں گزارے تاکہ بعد کی زندگی جو ہمیشہ کے لئے ہے وہ اچھی اور عمدہ رہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…محمد گل ریز رضا مصباحی

٭…مدرس جامعۃ المدینہ ،ناگپور ہند


Share

عقل مند بادشاہ

ایک بہرا مینڈک (Deaf frog) اُچھلتے کُودتے گھر سے سیر کرنے نکلا۔ بارش کی وجہ سے ہر طرف ٹھہرا ہوا پانی اس کی خوشی بڑھا رہا تھا۔اپنی مستی میں مگن مینڈک کُودتے کُودتے اچانک ایک گڑھے (Pit) میں گِرگیا۔ وہاں پہلے سے دوسرے مینڈک کئی سالوں سے رہ رہے تھے۔ یہ مینڈک پہلے تو گھبرا گیا کہ کس جگہ آگیا ہے! مگر رَفتہ رَفتہ جان گیا کہ کسی گڑھے میں گِر کر پھنس گیا ہے۔ کچھ دیر بعد جب اس مینڈک نے باہر نکلنےکے لئے کوشش کرنا شروع کی تو اس گڑھے میں موجود دوسرے مینڈک ہنس ہنس کر اس سے کہنے لگے: ارے بھائی! اتنی محنت کیوں کر رہے ہو، اس کا کوئی فائدہ نہیں، ہماری عمریں اس گڑھے میں گزر گئیں مگر یہاں سے نہیں نکل پائے، تم بھی بات مان لو، محنت کرنا چھوڑ دو اور ہمارے ساتھ رہنے کے لئے اپنا ذہن بنالو۔مگرنیا مینڈک چونکہ بہرا (یعنی اسے سُنائی نہیں دیتا) تھا، اس لئے کسی کی پرواہ کئے بغیر مسلسل باہر نکلنے کی کوشش میں لگا رہا۔ کافی بار گِرنے کے بعد بالآخر وہ اس گڑھے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ہمت ہارنے والے دوسرے مینڈک وہیں قیدرہ گئے۔

پیارے بچّو! اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں مسلسل محنت کرتے رہیں، ہمت نہ ہاریں۔ دوسروں کی ایسی باتیں جو ہمت توڑنے اور مایوسی والی ہوں،انہیں سننے سے اس مینڈک کی طرح بہرے ہوجائیں اور اپنے مقصد کو پانے میں مصروف رہیں، اِنْ شَآءَ اللہ! ضرور کامیابی ملے گی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭… ابو معاویہ عطاری مدنی

٭… ماہنامہ مدینہ ،کراچی 


Share

عقل مند بادشاہ

سوال: نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کےآسمان و زمین میں کتنے اور کون کون سے وزیر ہیں ؟

جواب:چار وزیر ہیں، دو آسمان میں اور دو زمین پر، آسمان میں حضرت سیّدنا جبرائیل اور حضرت سیّدنا میکائیل علیہما السَّلام جبکہ زمین پر حضرت سیّدنا ابوبکر صدّیق اور حضرت سیّدنا عُمر فاروق رضی اللہ عنہما۔(ترمذی ،ج5،ص382،حدیث:3700)

سوال: جنّت پرمُقَرَّرنگران فرشتے کا نام کیاہے؟

جواب:حضرت سیّدنا رضوان علیہ السَّلام۔(مسندِ شہاب،ج2،ص130، حدیث:1036)

سوال:غَسِیلُ الملائکۃ کن کالقب ہے ؟

جواب:حضرت سیّدنا حَنْظلہ بن ابو عامرانصاری رضی اللہ عنہ کا ۔ فرشتوں نے ان کو شہادت کے بعد غسل دیاتھا ا س وجہ

سے یہ لقب مشہور ہوگیا۔(طبقاتِ ابنِ سعد،ج5،ص49)

سوال: اعلیٰ حضرت امام احمدرضارحمۃ اللہ علیہ نے پہلا بیان کس عُمر میں فرمایا؟

جواب :چھ سال کی عمر میں۔(فیضانِ امامِ اہلِ سنت،ص20)

سوال:اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اُردو زبان میں پہلی کتاب کس عمر میں لکھی؟

جواب:تقریباً 22 سال کی عمْر میں۔(سابقہ حوالہ)

سوال:فتاویٰ رضویّہ میں کتنے سوالوں کےجوابات موجود ہیں؟

جواب:کم و بیش6 ہزار747 سوالوں کے۔(سابقہ حوالہ،ص155)


Share

Articles

Comments


Security Code