کھانسی

کھانسی(Cough) ایک فِطری عمل ہے جس کے ذریعے سانس کی نالیوں، پھیپھڑوں اور گلے میں جمع ہونے والے مواد کی صفائی ہوتی ہے۔تقریباً ہرچھوٹے،بڑے،مردوعورت کو وقتاً فَوقتاً کھانسی ہوتی رہتی ہے۔کھانسی کےمتعلق چندمدنی پھول ملاحظہ کیجئے۔کھانسی کیاہے؟جسمِ انسانی میں ایک دِفاعی حرکت ہے جسےکھانسی کہاجاتاہے۔کھانسی کسی بھی نوعیت کی ہو اس کا سبب کوئی نہ کوئی نقص ہوتاہے ۔فائدہ کھانسی کاایک فائدہ یہ ہے کہ پھیپھڑوں یا سانس کی نالیوں میں اگر کوئی نقصان دینے والی چیز چلی جائےتو کھانسی کے ذریعے نکل جاتی ہے۔

کھانسی کی مختلف صورتیں

(1)خشک کھانسی یہ بغیر بلغم کی ہوتی ہے، کھانستے وقت دھچکاسالگتاہےجس کی وجہ سےگلےپر زورپڑتاہے۔اس کا علاج اگرنہ ہوتوپھیپھڑوں میں زخم پیدا ہوسکتاہے۔اسے معمولی سمجھ کرچھوڑدینا آگےجاکرنقصان دےسکتا ہے۔ (2)بلغمی کھانسی بلغمی کھانسی کےشکار ہونے والوں میں بڑی تعدادبچّوں اور بزرگوں کی ہوتی ہے۔ (3)پرانی کھانسی کھانسی اگرسات یا آٹھ ہفتوں تک برقرار رہےتواسے پرانی کھانسی کانام دیا جاتا ہے۔ اس کا ایک سبب تمباکو نوشی بھی ہے۔ یہ کبھی کبھار مہینوں تک چلی جاتی ہے لہٰذا ایسی صورت میں لازمی علاج کروائیں۔ (4)شدید کھانسی جب مسلسل دو تین منٹ تک کھانسی ہوتی رہےاسے شدید کھانسی کہا جاتاہے۔یہ پھیپھڑوں کی سوزش(سوجن،ورم) وغیرہ کی وجہ سےہوتی ہے۔ (5)کالی کھانسی یہ وہ بلغمی کھانسی ہےجوجراثیم کی وجہ سےہوتی ہے۔عموماً بچّوں میں پائی جاتی ہے۔ اس کی وجہ سےسانس لینے کے راستےاور پھیپھڑوں میں انفیکشن پیدا ہوتا ہے اورکبھی تو سانس لینا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ علاج کے بعد بھی ہلکی ہلکی باقی رہتی ہے۔اس کی علامات میں سے لگاتار کھانسی آنا اورچہرے کا رنگ بدل جانا ہے۔ کھانسی ہونےکےاسباب جن وجوہات کی بنا پر اکثرکھانسی ہوتی ہے، ان میں سے چند یہ ہیں :سردی لگنا، گردو غبار ہونا،نزلہ،زکام اور بخار ہونا، ناک کی ہڈی کابڑھ جانا، T.B ہونا، گلے کا خراب ہونا،سگریٹ پینا، حلق میں سوزش ہونا، سانس کی نالی اور پھیپھڑوں میں خرابی پیدا ہونا،تلی ہوئی چیزیں کھانا،ترش یا مرچوں والی چیزیں کھانا،کبھی دل اور معدےکی بیماریوں کی وجہ سے بھی کھانسی ہوتی ہے۔ موسم اور احتیاط جوافراد دائمی کھانسی یا سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں ان کو موسمِ سرما اور بہار میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے کیو نکہ ان موسموں میں پھیپھڑوں کی نالیوں میں بلغم جمع ہوتاہے جو نزلہ اور زکام کےساتھ ساتھ پھیپھڑوں میں انفیکشن کا بھی سبب بن جاتا ہے۔ بسااوقات شدید کھانسی کی صورت میں بھی باہر نہیں نکلتا ۔ غذا و پرہیز آلو، چاول، گوبھی، پراٹھا، مونگ پھلی، کولڈ ڈرنک وغیرہ سےبچنےکی کوشش کریں اور ادرک، لہسن، مچھلی، کالے چنے کا شوربہ، گوشت کا شوربہ، کدو وغیرہ زیادہ استعمال کریں۔ کھانسی سےبچنےکیلئےمفید چیزیں ٭ہر طرح کی کھانسی کے لئے شہد مفید ہے۔ ٭کلونجی کا استِعمال کھانسی میں مُفید ہے٭اِنجیر کھانسی کے لئےمفید ہے بالخصوص پُرانی بلغمی کھانسی کیلئےبہت نَفْع بَخش ہے۔([1]) ٭مُنَقّٰی کا گُودا پُرانی کھانسی کیلئے مفید ہے۔([2]) ٭ اَخروٹ کا بھنا ہوا مَغْز سرد کھانسی کیلئے مفید ہے۔([3]) ٭فالسہ زُکام اور کھانسی کیلئے نفع بخش ہے۔٭ ہَنْس (ایک قسم کی بطخ)کی چربی سینے پر ملنا کھانسی اوربلغم کو صاف کرنےکیلئے مفیدہے۔ ٭نمک والےنیم گرم پانی سے غرارے کرنابھی کھانسی میں کمی لاسکتاہے۔ ٭دَمے کے مریض کو چاہئےکہ خوشبو نہ سونگھا کرے کہ اس سےشدید کھانسی ہوسکتی ہے۔ گھریلو علاج ٭ اگر کالی کھانسی ہو تو مُناسِب مقدار میں پِسی ہوئی سُو نٹھ (یعنی خشک ادرک) خالِص شہد پر چِھڑک دیجئے اور سات دن روزانہ صبح و شام تھوڑا تھوڑا چاٹ لیجئے۔٭ہر گھنٹے کے بعد ایک لونگ منہ میں رکھ کر چباتے اور چوستے رہئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کھانسی کا زور ٹوٹے گا۔ ٭پودینہ کا رَس پینے سے بھی کھانسی ٹھیک ہو جائے گیاِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ۔ ٭چند کھجوریں کھا کر ایک کپ نیم گرم پانی پی لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ بلغم پتلا ہو کر خارِج ہو جائے گا ٭کیلےکے دَرَخت کا پتّا سُکھانے کے بعد تَوے پر جلا کر اُس کی راکھ شہد میں ملا کر کھانسی کے مریض کو تھوڑی تھوڑی چٹاتے رہئے ۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آرام آجائے گا ٭تھوڑی سی پِسی ہوئی کالی مرچ دودھ میں جوش دیکر پی لیجئے ٭دو چمچ ادرک کا رس اور ایک چمچ شہد ملا کر پی لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کھانسی سے نجات ملے گی٭پیاز اُبال کر اس کا پانی پینے سے بلغم نکلتا اور کھانسی میں آرام آتا ہے ٭کشمش، شکراور انار کا چِھلکا چُوسنا کھانسی کیلئے مفید ہے٭گرم دُودھ میں تھوڑی سی ہلدی اور دیسی گھی ملا کر پینے سے کھانسی میں فائدہ ہوتا ہے٭پانی میں تھوڑا سا نمک گھول کر پینے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کھانسی سےآرام ملے گا ٭رات کو نمک کی ڈَلی منہ میں رکھ لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کھانسی میں کمی ہو جائے گی([4])٭مصری یا شکر سے میٹھا کیا ہوادودھ کھانسی کیلئے مفید ہے([5]) ٭میتھی اور اس کےدانوں سےبنا ہوا پوڈر گرم پانی میں گھول کر پینا بھی کھانسی کیلئے مفید ہے ٭میتھی کا قہوہ کھانسی اور حلق کی سوجن کیلئے مفید ہے([6]) ٭چھلے ہوئے چلغوزے کا شیرہ بنا کر تھوڑا سا شہد شامل کرکے چاٹنا بلغمی کھانسی کیلئے مفید ہے([7]) ٭روزانہ کشمِش کے 40 دانے اور تین عد د بادام لیکر اس پر11 بار دُرُود شریف پڑھ کر دم کر کے کھالیجئے اِس کے اوپر دو گھنٹے تک پانی نہ پئیں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کھانسی میں بہت فائدہ ہوگا، بلغم نکلے گا اورمزید نہیں بنے گا ،بہت چھوٹے بچّوں کیلئے حسبِ ضرورت مقدار کچھ کم کر دیجئے،تاحُصولِ شِفا علاج جاری رکھئے([8]) ٭میتھی کےبیج اور انجیرپانی میں پکاکر خوب گاڑھا کرلیں پھر اس میں شہد ملاکر کھائیں اس سےکھانسی کی شدّت میں کمی آئے گی([9])٭چھ ماشہ بادام کاروغن ایک تولہ شہد میں ملا کر چاٹئیے، یہ خشک کھانسی کیلئے مفید ہے([10]) ٭ادرک کاقہوہ کھانسی اورزکام کیلئے مفیدہے([11]) ٭ ایک امرود راکھ میں رکھیں جب نرم ہو جائے تو رات کے وقت کھالیں یہ کھانسی کیلئے مفید ہے([12]) ٭لیموں کے پانی سےتولیاوغیرہ تر کرکے اگر سینے پر لپیٹ دیاجائے تو اس سےبھی کھانسی میں آرام آتا ہے۔ روحانی علاج لَااِلٰہَ اِلَّا اللہ ،66 بار روزانہ پڑھ کر کھانسی کے مریض پر دم کیجئے (یامریض خود پڑھ کر دم کرے۔مدّتِ علاج تاحصولِ شفا)۔ ([13])

پىارے پىارے اسلامی بھائیو! یادرکھئےکہ کھانسی ہونےکی صورت میں خود سے سیرپ وغیرہ لےکر استعمال نہ کریں اور نہ ہی بچّوں کو پلائیں ، کیونکہ آپ تونفع بخش سمجھ کراستعمال کریں گےممکن ہے وہ آپ کےلئے نفع بخش نہ ہو۔

(تمام علاج اپنے طبیب(Doctor)کے مشورے سے ہی کیجئے۔اس مضمون کی طبّی تفتیش مجلس طبّی علاج(دعوتِ اسلامی)کے ڈاکٹر محمد اسحاق عطاری اور حکیم جمیل احمد نظامی صاحب نے فرمائی ہے۔)



[1] گھریلوعلاج، ص110،11 ماخوذاً

[2] بیٹاہوتوایسا،ص14

[3] ایضاً،ص39

[4] گھریلو علاج، ص57تا59 ماخوذاً

[5] دودھ پیتامدنی منّا،ص42

[6] میتھی کے50 مدنی پھول، ص4،8

[7] کتاب المفردات ،ص211

[8] فیضان سنّت، 1/793

[9] رسائل طب، 2/186

[10] ایضاً،2/514

[11] ایضاً،2/515

[12] ایضاً،2/515

[13] بیمار عابد،ص36۔


Share

Articles

Comments


Security Code