عورت

مدنی کاموں کے لئے وقت کیسے نکالیں؟

*   اُمِّ میلاد عطاریہ

ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442

امام فخرُالدین رازی  رحمۃ اللہ علیہ  کا قول ہے کہ میں نے سورۂ عصر کا مطلب ایک برف فروش سے سمجھا جو بازار میں صدا لگا رہا تھا کہ رحم کرو اس پرجس کا سرمایہ گُھلتا جا رہا ہے رحم کرو اس پرجس کا سرمایہ گُھلتا جا رہا ہے ، اس کی صدا سُن کر میں نے کہا : یہ ہے ( وَ الْعَصْرِۙ(۱) اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍۙ(۲) )  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  کا مطلب ، جو زندگی انسان کو دی گئی وہ برف کے گھلنے کی طرح تیزی سے گزر رہی ہے اس کو اگر ضائع کردیا جائے یا غلط کاموں میں صرف کر دیا جائے تو انسان کا خسارہ ہی خسارہ ہے۔ (تفسیر کبیر ، 11 / 278 ملخصاً)

 اس پگھلتی برف کی طرح گزرتے وقت کو اگر ہم اللہ کو راضی کرنے والے کاموں ، نیک اعمال اور نیکی کی دعوت میں نہیں گزاریں گے تو یقیناً خسارے میں رہیں گے۔

اکثر اسلامی بہنیں گھریلو کام کاج اور ذمّہ داریوں کے باعث مدنی کام نہیں کرپاتیں ، انہیں غور کرنا چاہئے کہ واقعی ذمہ داریاں ہیں یا روزمرّہ کے ضروری کاموں کے علاوہ غیر ضروری کاموں کی مشغولیت بھی ہے جو ہماری راہ میں رکاوٹ ہے۔ مشہور مقولہ ہے کہ کرنے کے کام کرو ، ورنہ نہ کرنے کے کاموں میں پڑ جاؤ گے۔

اکثر گھر کے کاموں کے ساتھ ساتھ کئی طرح کی بے مقصد مصروفیات بھی ہوتی ہیں جو وقت ضائع کرتی ہیں ، مثلاً موبائل پر لمبی لمبی باتیں ، سوشل میڈیا پر دیر تک مصروف رہنا ، ہمسائی سے باتوں میں وقت گنوا دینا جیسے کاموں پر اکثر ہم غور نہیں کرتیں۔

اپنے وقت کو بچانے اور اچھے کاموں میں خرچ کرنے کا ایک بہترین طریقہ جدول بنانا بھی ہے ، ہمیں چاہئے کہ ہم اپنا جدول تحریر کرکے گھر میں مناسب جگہ لگالیں جہاں نظرپڑتی رہےاور اس کے ساتھ ہی گھڑی بھی دیوار پر سامنے لگائیں تاکہ جدول کے ساتھ ساتھ گھڑی پر بھی نظر رہے۔

جدول صبح کے آغاز میں ہی دیکھ لیں کہ آپ نے آج کے دن کو گھنٹوں اور منٹوں کے حساب سے کس طرح گزارنا ہے یوں اس پر عمل کرنے میں آسانی رہے گی۔

عمومی طور پر اسلامی بہنوں کو نمازِ فجر اورتلاوتِ قراٰن کے بعد ناشتہ وغیرہ کی تیاری ، بچّوں کو مدرسہ وغیرہ روانہ کرنا ، دوپہر اور شام کا کھانا بنانا ، کپڑے وغیرہ دھونا اور پریس کرنا ، بچوں کو ٹیوشن بھیجنا ، ہوم ورک کروانا جیسے کاموں کی مصروفیت ہوتی ہے۔ اگر ان کاموں کو ایک شیڈول کے طور پر وقت تقسیم کرکے لکھ لیا جائے اور جس کام کے لئے جو وقت لکھا ہوا سی میں کرنے کی کوشش کی جائے تو وقت کی کافی بچت ہوسکتی ہے جو کہ مدنی کام کرنے کے کام آسکتاہے۔

یادرکھئے!شیطان ہمیں لاکھ سُستی دلائے ، ہمیں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں سے دور نہیں بھاگنا چاہئے ، ان کو بوجھ نہیں سمجھنا چاہئے بلکہ یہ تو نعمتیں ہیں درحقیقت ان کا تعلق ہماری اصل زندگی یعنی آخرت کے ساتھ ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   نگران عالمی مجلس مشاورت (دعوتِ اسلامی ) اسلامی بہن

 


Share

Articles

Comments


Security Code