اسلام کی روشن تعلیمات

شبِ براءت

* مولانا ابن یامین عطاری مدنی

ماہنامہ مارچ2021

شعبانُ المعظم کی پندھوریں رات یعنی شبِ براءت جہنم کے عذاب سے چھٹکارا پانے کی رات ہے کہ اس رات میں اللہ پاک اپنی خاص رحمتیں اور برکتیں نازِل فرماتا ہے ، مغفرت طلب کرنے والوں کی بخشش فرماتا ہے ، روزی مانگنے والوں کو رزق دیتا ہے اور مصیبت زدوں کی مصیبتیں دور فرماتا ہے۔ چنانچہ حضرت سیّدُنا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، فرماتے ہیں : اللہ پاک کے آخری نبی محمد عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جب شعبانُ المعظم کی پندھوریں رات (یعنی شبِ براءت) آئے تو اس میں قِیام (یعنی عبادت) کرو ، دن میں روزہ رکھو۔ بے شک اللہ پاک اس رات سورج غروب ہوتے ہی آسمانِ دنیا کی طرف نُزولِ رحمت فرماتا ہے اور ارشاد فرماتا ہے کہ ہے کوئی بخشش مانگنے والا کہ میں اسے بخش دوں ، ہے کوئی روزی مانگنے والا کہ میں اسے روزی دوں ، ہے کوئی مصیبت میں مبتلا کہ میں اسے عافیت دوں ، ہے کوئی ایسا! ہے کوئی ایسا! یہاں تک کہ فجر کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔   (ابن ماجہ ، 2 / 160 ، حدیث : 1388)

پیارے اسلامی بھائیو! شبِ براءت بھلائیوں والی رات ہے کہ اس رات میں اللہ پاک بھلائی کے دروازے کھول دیتا ہے ، اس رات میں دعائیں قبول ہوتی ہیں ، مرنے والوں کے نام ، لوگوں کا رِزق اور اِس سال حج کرنے والوں کے نام لکھے جاتے ہیں ، اس رات میں اعمال نامے تبدیل ہوتے ہیں ، نہ جانے کس کے بارے میں کیا لکھ دیا جائے لہٰذا اس نازک رات کو ہمیں گناہوں اور غفلت میں گزارنے کے بجائے توبہ و استغفار کرتے ہوئے عبادت میں گزارنا چاہئے کہ اس رات کو جاگ کر عبادت کرنے والوں کا دل زندہ رہےگاجیساکہ نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جس نے عیدین (یعنی عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ) کی (چاند) رات اور شعبانُ المعظم کی پندرھویں رات (یعنی شبِ براءت) عبادت میں جاگ کر گزاری ، اُس دن اُس کا دل نہیں مرے گا ، جس دن (لوگوں کے) دل مرجائیں گے۔ (کنز العمال ، جز8 ، 4 / 251 ، حدیث : 24102)

شبِ براءت کی فضیلت و اہمیت جاننے کے بعد اس رات میں عبادت کرنے کا ذہن بنتا ہے ، عبادت اکیلے بھی کی جاسکتی ہے اور سب کے ساتھ مل کر اجتماعی طور پر بھی ، مگر بسا اوقات اکیلے عبادت کرنے میں سستی ہوجاتی ہے جبکہ سب کے ساتھ مل کر عبادت کرنے میں انسان کا دل لگا رہتا ہے اور وہ عبادت کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ سالہا سال سے شبِ براءت کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں میں اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں کثیر عاشقانِ رسول شریک ہوکر رات کا اکثر حصہ عبادت میں گزارتے ہیں اور اس رات کی برکتوں سے مالا مال ہوتے ہیں۔ آپ سے بھی عرض ہے کہ دعوت ِ اسلامی کے تحت اپنے شہر میں ہونے والے شبِ براءت کے اجتماع میں ضرور شرکت فرمائیں ، جبکہ کراچی کے عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ وہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے شبِ براءت کے اجتماع میں شریک ہوں۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے اجتماع کے بھی کیا کہنے کہ اس میں تلاوت ، نعت ، مناجات ، رقّت انگیز بیان کے ساتھ ساتھ دورِ حاضر کی عظیم علمی و روحانی شخصیت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ “ مدنی مذاکرہ “ فرماتے ہیں اور اس میں مختلف موضوعات پر ہونے والے سُوالات کے جوابات سے نوازتے ہیں ، رِقّت انگیز دعا ہوتی ہے اور سحری کا انتظام بھی کیا جاتا ہے تاکہ اسلامی بھائی اس دن روزہ رکھنے کی فضیلت حاصل کرلیں۔ یہ اجتماع مدنی چینل پر براہِ راست (Live) ٹیلی کاسٹ بھی کیا جاتا ہے تاکہ جو اسلامی بھائی نہ آسکیں وہ گھر بیٹھے اس اجتماع میں اپنے گھر والوں کے ساتھ شریک ہوجائیں۔ اللہ پاک ہمیں شبِ براءت کی قدر کرتے ہوئے اس رات میں خوب عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔    اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضا ن مدینہ کراچی

 

 


Share

Articles

Comments


Security Code