بزرگان دین کے فرامین

* مولانا عبد اللہ نعیم عطاری مدنی

ماہنامہ مارچ2021

باتوں سے خوشبو آئے

بادشاہ کا دروازہ کھٹکھٹانے والے

جب تک تم نماز میں مشغول رہتے ہو تو بادشاہ کا (یعنی اللہ پاک کی رحمت) کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہتے ہو اور جو بادشاہ کا دروازہ کھٹکھٹاتا رہتا ہے اس کے لئے دروازہ کھول ہی دیا جاتا ہے۔ (اِرشاد حضرت سیّدُنا عبدُاللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ )(مصنف ابنِ ابی شیبۃ ، 2 / 360)

نیکی کرنے سے بہتر عمل!

نیک لوگوں کی صحبت نیکی کرنے سے بہتر ، بُرے لوگوں کی صحبت بُرائی کرنے سے بَد تر ہے۔

(اِرشاد حضرت سیّدُنا خواجہ غریب نواز  رحمۃ اللہ علیہ ) (اخبار الاخیار ، ص23)

دل کی صفائی کے لئے کیا ضروری ہے؟

دل کی صفائی اور فکر کی روشنائی کے لئے ذِکر ناگُزیر (ضروری) ہے۔ (اِرشاد خواجہ شمسُ الدّین سِیالوی  رحمۃ اللہ علیہ )(فیضانِ شمسُ العارفین ، ص70)

 

اَحمد رَضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

میاں بیوی کے حقوق

زَن وشوہر (میاں بیوی) میں ہر ایک کے دوسرے پر حقوقِ کثیرہ  واجب ہیں ،  ان میں جو بجا نہ لائے گا اپنے گناہ میں گرفتار ہوگا ، اگر ایک ادائے حق نہ کرے تو دوسرا اسے دستاویز (یعنی بنیاد) بنا کر اُس کے حق کو ساقط نہیں کر سکتا۔ (فتاویٰ رضویہ ، 24 / 391)

قیامت کی قسمیں

قیامت تین قسم کی ہے : قیامتِ صُغریٰ : یہ موت ہے۔

دوسری قیامتِ وُسطیٰ : وہ یہ کہ ایک قَرْن (یعنی ایک زمانہ) کے تمام لوگ فنا ہوجائیں اور دوسرے قَرْن کے نئے لوگ پیدا ہوجائیں۔ تیسری قیامتِ کُبریٰ : وہ یہ کہ آسمان و زمین سب فنا ہوجائیں گے۔ (ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص386 ملتقطاً)

ختمِ نبوت میں شک کرنے والے کا حکم

حُضور پُر نور خاتَمُ النَّبِیِّیْن سَیَّدُ الْمُرْسَلِیْن صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم علیہ وعلیہم اجمعین کا خاتَم یعنی بعثت میں آخر جمیع انبیاء و مرسلین بلا تاویل و بلا تخصیص ہونا ضروریاتِ دین سے ہے جو اس کا منکر ہو یا اس میں ادنیٰ شک و شبہہ کو بھی راہ دے کافر مرتد ملعون ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ، 14 / 333)

عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن!

بیٹیوں کے حوالے سے اہم احتیاط

بچپن ہی سے اپنی بچّی کو حیا  کا درس دیجئے۔ ماں کو چاہئے کہ (چلتی پھرتی) بچی کو چُست پاجامہ نہ پہنائے۔

(مدنی مذاکرہ ، 13ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 4جُولائی2020ء)

نامحرم سے بات

نامحرم مرد و عورت کے آپس میں بات چیت نہ  کرنے میں ہی عافیت ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 13 ذو القعدۃ الحرام 1441ھ ، 4 جُولائی2020ء)

گھر خراب ہونے سے بچنے کا عظیم نسخہ

میاں بیوی یہ معاہدہ کر لیں کہ آپس میں ہونے والی ناراضی کا اپنے اپنے والدین وغیرہ کو نہیں بتائیں گے۔

(مدنی مذاکرہ ، 13ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 4جُولائی2020ء)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ ملفوظات امیر اہل سنت ، اسلامک ریسرچ سینٹر المدینۃ العلمیہ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code