Book Name:Bhook Ke Fazail
قبضے میں جس کے ساری خدائی اُس کا بچھونا ایک چٹائی
نظروں میں کتنی ہیچ ہے دُنیا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَسَلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پُورا پُورا مہینا گھر میں چولہا نہ جلتا
مسلمانوں کی پیاری اَمّی جان حضرت عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللہ عنہ ا فرماتی ہیں: بعض دفعہ پُورا پُورا مہینا گزر جاتا، سرکارِ عالی وقار، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے گھر مبارک میں آگ نہیں جلتی تھی۔([1]) ایک روایت میں ہے: حضرت عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللہ عنہ ا نے اپنے بھانجے حضرت عُرْوَہ بن زُبیر سے فرمایا: اے بھانجے! کبھی ایسا بھی ہوتا کہ دو دو مہینے گزر جاتے، سرورِ عالَم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے گھر مبارک میں آگ نہیں جلتی تھی۔ حضرت عُرْوَہ بن زبیر رَضِیَ اللہ عنہ نے عَرْض کیا: خالہ جان! پھر آپ لوگ گزر بسر کیسے کرتے تھے؟ فرمایا: کھجور اور پانی سے۔ ([2])
حضرت عائشہ رَضِیَ اللہ عنہ ا مزید فرماتی ہیں: کبھی ایسا بھی ہوتا، سرکارِ ذی وقار، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم فرماتے: عائشہ! آؤ! با برکت غِذَا کھا لو...!! میں حاضِر ہوتی تو سامنے 2کھجوریں ہوتی تھیں۔ ([3])
روایات میں ہے: تاجدارِ انبیا، محبوبِ خُدا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم دُنیا سے تشریف لے گئے، آپ نے کبھی ایک دِن میں 2مرتبہ سَیْر ہو کر کھانا نہ کھایا۔([4])