Book Name:Ala Hazrat Aur Naiki Ki Dawat

اس شخص  نے دوبارہ ویسے ہی جلدی جلدی نماز پڑھی ، پھر حاضِر ہوا ، سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے پھر وہی فرمایا : واپس جا ، پھر نماز پڑھ کہ تُو نے نماز نہ پڑھی۔  اُس شخص نے پھر نماز پڑھی ، پھر یہی ارشاد ہوا؛ آخر عَرْض کیا : یارسولَ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! مجھے ایسے ہی نماز پڑھنا آتی ہے ، آپ مجھے درست نماز سکھا دیجئے ! اس پر پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی ، مکی مدنی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا :  رکوع اور سجدے اطمینان سے کر ، رکوع سے سیدھا کھڑا ہو اور دونوں سجدوں کے درمیان سیدھا بیٹھ۔ ( [1] )      

بےنمازیوں کے لئے جہنّم کی خوفناک وادِی

اے عاشقانِ رسول ! غور و فِکْر کا مقام ہے ، یہ اُس شخص کا حال ہے جو وقت نکالتا ہے ، کام کاج چھوڑ کر مسجد میں آتا ہے ، نماز پڑھتا ہے مگر ٹھہر ٹھہر کر اطمینان سے نہیں پڑھتا ، رکوع اور سجدے پُورے نہیں کرتا۔ اب ذرا غور فرمائیے ! وہ نادان جو دُنیا  میں ہی مشغول رہتے ہیں ، رکوع و سجدے پُورے کرنا تو دُور کی بات بالکل مسجد میں آتے ہی نہیں ہیں ، نماز پڑھتے ہی نہیں ہیں ، اپنے رَبِّ کریم کے حُضُور سَر جھکاتے ہی نہیں ہیں ، ان کی بدبختی کا عالَم کیا ہو گا... ! !  پارہ : 16 ، سورۂ مریَم ، آیت : 59 میں اللہ پاک فرماتا ہے :

فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹)  

 ( پارہ : 16 ، سورۂ مریم : 59 )

ترجَمہ کنز الایمان : تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ نا خَلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں  ( ضائع کیں ) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غَیّ  کا جنگل پائیں گے۔


 

 



[1]... بخاری ، کتاب الاذان ، ، صفحہ : 246 ، حدیث : 757 ، ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، صفحہ : 291 بتغیر قلیل ۔