Book Name:Ala Hazrat Aur Naiki Ki Dawat
پیارے اسلامی بھائیو ! سیّدی اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ولئ کامِل ہیں ، آپ بعض اَوقات بَطُور ِکرامت بھی دُوسروں کی اِصْلاح فرمایا کرتے تھے۔ چُنانچہ 1329 ہجری کی بات ہے ، اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ علّامہ شاہ وَصِی احمد صُورتی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کے ہاں ٹھہرے ہوئے تھے ، اِس دوران سیّد فَرْزَنْد علی صاحِب اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ سے ملِنے آئے ، سیّد صاحِب کی داڑھی کٹی ہوئی تھی۔ اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ بہت دیر تک گہری نظروں سے سیّد صاحِب کے چہرے کو دیکھتے رہے۔
سیّد صاحِب فرماتے ہیں : آپ کی نگاہوں نے مجھے پسینہ پسینہ کر دیا ، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ایک سچےّ عاشِقِ رسول مجھے داڑھی رکھنے کی خاموش ہدایت فرما رہے ہیں۔ اَلحَمْدُ للہ ! مُجھے ہدایت مِل گئی اور مَیں نے داڑھی مُنڈوانے سے توبہ کر لی۔ ( [1] )
سُبْحٰنَ اللہ ! کیا شان ہے ہمارے آقا اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی.... ! !
تم ہو سراپا شمعِ ہدایت ، مُحْیِ سُنّت اعلیٰ حضرت
تم ہو ضیائے دِین و مِلَّت ، مُحْیِ سُنّت اعلیٰ حضرت
کر دِی زِندہ ، سُنّتِ مردَہ ، دِینِ نبی فرمایا تازہ
مولیٰ ، مُجَدِّدِ دِیْن و مِلَّت ، مُحْیِ سُنّت اعلیٰ حضرت
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد