Janwaron Par Reham Kijiye

Book Name:Janwaron Par Reham Kijiye

تکبیرِ تشریق پڑھنے کا قرآنی حکم

پارہ : 2 ، سورۂ بقرہ ، آیت : 203 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :

وَ اذْكُرُوا اللّٰهَ فِیْۤ اَیَّامٍ مَّعْدُوْدٰتٍؕ   (پارہ : 2 ، سورۂ بقرہ : 203)

ترجمہ کنزالایمان : اور اللہ کی یاد کرو گنے ہوئے دنوں میں۔

تفسیرِ صراط الجنان میں ہے : گنتی کے دنوں سے مراد اَیَّامِ تشریق   ہیں اور ذِکْرُ اللہ سے مراد ہے نمازوں کے بعد اور دورانِ حج رَمئ جمرات کے وقت تکبیر کہنا۔ ([1])  

تکبیرِ تشریق کب سے کب تک پڑھی جائے !

خیال رہے !  نام کے اعتبار سے 11 ذی الحج سے لے کر 13 ذی الحج تک (یعنی 3 دِن ) اَیَّامِ تشریق کہلاتے ہیں لیکن تکبیر ِتشریق پڑھنے کا جو حکم ہے وہ 9 ذی الحج کی فجر سے 13ذی الحج کی عصر تک ہے ، بہارِ شریعت میں ہے : 9ذی الحج کی فجر سے 13 ذی الحج کی عصر تک ہر فرض نماز جو جماعت کے ساتھ ادا کی گئی ، اس کے بعد ایک بار  بلند آواز سے تکبیر کہنا واجب ہے  اور 3مرتبہ تکبیر کہنا افضل ہے ، اسے تکبیرِ  تشریق کہتے ہیں ۔

تکبیر ِتشریق یہ ہے : اَللہُ اَکْبَرُ اَللہ ُ اَکْبَرُ  لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ  اَللہُ اَ کْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْد۔

 *  تکبیرِ تشریق سلام کے فوراً بعد پڑھنا واجِب ہے *  اور جو مسبوق ہو یعنی جو جماعت میں دَیْر سے شامِل ہوا اور اس کی چند رکعتیں رہ گئیں ، اس کے لئے حکم یہ ہے کہ وہ اپنی بقیہ رکعتیں پڑھ کر جب سلام پھیرے ، اس وقت تکبیر کہے ، اس پر بھی تکبیر کہنا واجب ہے۔([2])


 

 



[1]... تفسیر صراط الجنان ، پارہ:2 ، سورۂ بقرۃ: ، تحت الآیۃ:203 ، جلد:1 ، صفحہ:321۔

[2]... بہارِ شریعت  ، جلد:  1 ، صفحہ: 784 ، حصہ :4۔