Book Name:Janwaron Par Reham Kijiye
ہم اللہ کی ساری مخلوق پر شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے شفقت کریں۔([1])
اس سے آگے امام شعرانی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے بڑا خوبصورت مدنی پھول دیا ہے ، فرماتے ہیں : مخلوقات میں سے ہر ایک خُود اپنے حق میں جتنا رَحْم دِل ہو تا ہے ، اُس کے حق میں اُس سے بھی بڑھ کر رحم دِل ہو جانا وِراثتِ مصطفےٰ ہے۔([2])
اللہُ اَکْبَر ! اے عاشقانِ رسول ! اِسْلام کا حُسْن دیکھئے ! اِسْلام ہمیں صِرْف رحم دِلی کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ اسلام یہ کہتا ہے کہ اللہ پاک کی کوئی مخلوق خُود اپنے حق میں جتنی رحم دِل ہے ، تم اُس سے بڑھ کر اس پر رحم دِل ہو جاؤ !
حضرت علی خَوَّاص رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ بہت بڑے ولئ کامِل ہوئے ہیں ، آپ کے گھر میں چیونٹیاں نظر نہیں آتی تھیں ، آپ کا مبارک انداز تھا کہ آپ اپنے گھر میں چھوٹے چھوٹے سوراخوں کے سامنے کھانا اور روٹیوں کے ٹکڑے رکھا کرتے اور فرماتے تھے : چیونٹی (Ant)جب بھوکی ہوتی ہے تو مجبوراً رِزْق کی تلاش میں اپنے بِل سے باہَر نکلتی ہے ، پھر کبھی کسی کے پاؤں تلے آتی ہے یا کوئی جانور اسے روند ڈالتا ہے ، یوں بیچاری موت کے گھاٹ اُتر جاتی ہے ، میں پہلے سے چیونٹیوں کے سوراخ پر روٹی وغیرہ رکھ دیتا ہوں تاکہ انہیں باہَر نکلنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے ، ان کے گھر ہی میں انہیں کھانا ملے ، نہ یہ باہَر نکلیں ، نہ خُود کو خطرے میں ڈالیں۔([3])