Book Name:Janwaron Par Reham Kijiye
عکرمہ رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں : اَیَّام تشریق میں یہ دعا کرنا مستحب ہے ، کون سی دعا؟ جو اللہ پاک نے قرآن کریم میں ہمیں سکھائی :
رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ(۲۰۱) (پارہ : 2 ، سورۂ بقرہ : 201)
ترجمہ کنز الایمان : اے ربّ ہمارے ہمیں دنیا میں بھلائی دے اور ہمیں آخرت میں بھلائی دے اور ہمیں عذابِ دوزخ سے بچا ۔([1])
اِلٰہی ! میں تیری عطا مانگتا ہوں کرم مغفرت کی دُعا مانگتا ہوں
اِلٰہی ! نہیں مانگتا مال و دولت فقط تجھ سے تیری رضا مانگتا ہوں
نہ دے ایسی خوشیاں جو غفلت میں ڈالیں خُدایا ! غمِ مصطفےٰ مانگتا ہوں
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
اے عاشقانِ رسول ! اَلحمدُ للہ ! قربانی کے اَیَّام قریب ہیں ، ہر طرف سُنَّتِ ابراہیمی کے چرچے ہیں ، خوش نصیب افراد اللہ پاک کے خلیل حضرتِ ابراہیم عَلَیْہِ السَّلامکی سُنَّت کو ادا کرنے کے لئے مال خرچ کر کے خوبصورت سے خوبصورت جانور خرید رہے ہیں ، گلیوں میں جانوروں کی چہل پہل ہے ، جو خوش نصیب عاشقانِ رسول اس سال قربانی کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ، اللہ پاک اِن سب کی قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے اور دل میں حسرت لئے ہوئے ہیں ، اللہ پاک ان کو بھی استطاعت نصیب فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم