Janwaron Par Reham Kijiye

Book Name:Janwaron Par Reham Kijiye

الحمدُللہ  ! قربانی کے اَیَّام میں جانورخریدے بھی جاتے ہیں ، کچھ دِن گھر میں رکھنے کا بھی سلسلہ ہوتا ہے ، اس تعلق سے ہمیں چاہئے کہ ہم جانوروں کے حقوق (Rights) بھی سیکھیں اور ان بےزبانوں کا بھرپُور خیال بھی رکھیں ، آئیے اس تعلق سے ایک خوبصورت حدیث پاک اور اِس کی مختصر وضاحت سننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں :

ہر چیز میں اِحْسَان کا حکم دیا گیا ہے

حضرتِ شَدَّاد بن اَوْس  رَضِیَ اللہُ عنہ صحابئ رسول ہیں اور مشہور  صحابئ رسول ، شاعِرِ دربارِ رسالت حضرتِ حَسَّان بن ثابت  رَضِیَ اللہُ عنہ  کے بھتیجے ہیں ، آپ فرماتے ہیں : اللہ پاک کے آخری نبی ،  رسولِ ہاشمی ، مکی مدنی ، مُحَمَّدِ عربیصَلَّی اللہُ  عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّمنے فرمایا : اِنَّ اللَّهَ كَتَبَ الْاِحْسَانَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ بے شک اللہ پاک نے ہر چیز میں احسان کا حکم دیا ہے ، مزید فرمایا : اِذَا ذَبَحْتُمْ فَاَحْسِنُوا الذِّبْحَ   اور جب تم ذبح کرو تو اس میں بھی اِحْسان اور بھلائی کو ملحوظ رکھو !  وَ لْيُحِدَّ اَحَدُكُمْ شَفْرَتَهٗ وَلْيُرِحْ ذَبِيحَتَهٗ  چاہئے کہ چھری تیز کر لو !  اور اپنے ذبیحہ (یعنی جانور) کو راحت پہنچاؤ ! ([1])

تمام مخلوقات کے حق میں رحم دِل ہونے کا بیان

پیارے اسلامی بھائیو !  یہ ایک خوبصُورت حدیثِ پاک ہے ، اس میں ہمارے پیارے آقا و مولا ، مکی مدنی مصطفےٰ  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نے ابتداءً ایک اُصُول بیان فرمایا کہ بےشک اللہ پاک نے ہر چیز پر احسان کرنے کا حکم دیا ہے۔ لہٰذا کوئی بھی چیز ہو ، انسان ہو ، جانور ہو ، پھل ، پھول ، پودے ہوں ، بندے کو چاہیئے کہ ان کے ساتھ بھلائی (Kindness)سے پیش آئے ، ہر ایک کے ساتھ اُس کے مناسبِ حال اِحْسَان والا معاملہ کرے۔


 

 



[1]...مصنف  عبد الرزاق  ، کتابُ:المناسک  ، بابُ:سنۃ الذبح ، جلد:4 ،  صفحہ:376  ، حدیث:7635ملتقطاً۔