مدنی انعامات پر عمل کرنے والے کی حوصلہ افزائی/ ”یَااللہ“ کے چھ حروف کی نسبت سے 6 مدنی پھول

مدنی انعامات پر عمل کرنے والے کی حوصلہ افزائی

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

سگِ مدینہ ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے عاملِ ”مدنی انعامات“۔۔۔کی خدمت میں سلام۔

اللہ و رسول عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کے فضل و کرم سے مَدَنی ماہ ربیع الاوّل شریف  1421؁ ھ میں 40 مَدَنی انعامات(1) میں سے 26 پر آپ کا عمل رہا۔ تَقَبَّلَ اللہ (یعنی اللہ عَزَّوَجَلَّ قبول فرمائے۔)

مرے اَخلاق اچّھے ہوں مِرے سب کام اچّھے ہوں

بنا دو مجھ کو تم پابندِ سنّت یارسولَ اللہ

مدنی انعامات پر عمل کرنے کی خوشی میں آپ کی خدمت میں 1419؁ ھ کے حج و دیدارِ مدینہ اور اس سفرِ مبارک کی تمام نیکیاں تحفۃً پیش کرتا ہوں۔

”مدنی انعامات“ پر عمل کرنا چونکہ دنیا و آخرت کے عظیم فوائد حاصل کرنے کا ذریعہ ہے لہٰذا شیطٰن بہت زیادہ کوشش کرے گا کہ آپ کو استِقامت نہ ملے مگر آپ ہمّت اور لگن سے اپنی کوشِش جاری رکھئے گا۔ استقامت بہت بڑی نعمت ہے، بزرگانِ دین رحمھمُ اللہُ المبِین کا مقولہ ہے:اَلْاِسْتِقَامَۃُ فَوْقَ الْکَرَامَۃِ (یعنی استقامت کرامت سے بڑھ کر ہے۔) اگر خدا ناخواستہ بیماری یا کسی اور سبب سے سُستی آ بھی جائے تو پھر اللہ تعالٰی کا نام لیکر خود ہی عمل شروع کردیجئے۔ یاد رہے! آپ نے کسی بندے کیلئے عمل نہیں کرنا بلکہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کوراضی کرنا ہے۔ فارم(مدنی انعامات کا رسالہ) بھرنے میں بہت احتیاط سے کام لینا چاہئے، اگر دوسروں کو دکھانے کیلئے کسی نے وہ باتیں بھی لکھ دیں جن پر عمل نہیں تو یہ ریاکاری اور جھوٹ، دو گناہ ہوئے بلکہ دھوکا دینے کا جرم بھی ہوگیا!

یَااللہ“ کے چھ حروف کی نسبت سے 6 مدنی پھول

(1)جو ظاہِر و باطِن میں اُستاذ کا اَدب نہیں کرتا وہ عِلم کی روح کو نہیں پا سکتا (2)سنجیدگی بہت عظیم نعمت ہے اور یہ مذاق مسخری کرنے والوں، فضول گویوں اور شور مچانے والوں کے مقدّر میں کہاں! (3)جب کسی کو ڈانٹ پڑے تو اُس کی بے کسی پر ہنسنے کے بجائے اس تصوُّر سے لرزیئے کہ اگر مجھے بروزِ قیامت ڈانٹا گیا تو میرا کیا بنے گا! (4)ایک یا چند اسلامی بھائیوں سے گہری دوستی کرنے کے بجائے سب کے ساتھ یکساں تعلُّقات رکھنے کی سعی (کوشش) کیجئے کہ عموماََگروپ بندی دین کے کاموں میں رُکاوٹ بنتی ہے (5)اپنے سے بڑے اسلامی بھائی سے خواہ وہ کتنے ہی نیک ہوں خود کو دور ہی رکھئے ورنہ اُن یا آپ یا دونوں کی بربادی کا شدید شدید اور شدید اندیشہ ہے۔ اَلْعَاقِلُ تَکْفِیْہِ الْاِشَارَۃ یعنی عقلمند کیلئے اشارہ کافی ہے (6)ہفتہ وار اجتماع، کیسٹ اجتماع، درسِ فیضانِ سنّت، نیکی کی دعوت اور مدرسۃ المدینہ کی پڑھائی کے وقت اوّل تا آخر شریک رہئے تاکہ عِلم کی برکتوں سے مالا مال ہوں۔مجھ گنہگار کو دعائے مغفرت سے نوازتے رہیں۔

maktoob

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1اسلامی بھائیوں کیلئے 72،اسلامی بہنوں کیلئے 63، طَلَبہ علمِ دین کیلئے 92، دینی طالِبات کیلئے 83، مَدَنی مُنّوں اور مَدَنی مُنّیوں کیلئے40، خصوصی اسلامی بھائیوں (گونگے بہروں) کیلئے 27، جیل خانہ جات کیلئے 52 اور حج و عمرہ کرنے والوں کیلئے 19مَدَنی اِنعامات ہیں۔


Share

Articles

Gallery

Comments


Security Code