”میری عمر تم کو لگ جائے“ کہنا کیسا؟/شوہر کو بھائی کہنا کیسا؟

کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنانا کیسا؟

سوال:کیا کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنا سکتے ہیں؟

جواب:کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنانا یا اس پر مقدس الفاظ مثلاً جشنِ عید میلادُ النَّبی مبارک ہو یا مرحبایا مصطفٰے لکھنا مناسب نہیں ہے، کیونکہ کوئی بھی عقل مند باادب عاشقِ رسول اللہ پاک اور اس کے پیارے نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نام پر سَر تو کٹوا سکتا ہے مگر ان کے نام پر!!! آگے بولنے سے میری زبان قاصر ہے، آپ سب سمجھتے ہیں۔ کیک پورا کھایا نہیں جاتا اور اس کے ذَرّات بھی نیچے گِرتے ہیں لہٰذا بے ادبی سے بچنا بہت مشکل ہے، ایسا کیک بنانا یا بنوانا تو دُور کی بات ایسا کرنے کا سوچنا بھی نہیں چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ، 7محرمُ الحرام 1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

شوہر کو بھائی کہنا کیسا؟

سوال:اگر کسی نے اپنے شوہر کو بھائی کہہ دیا تو نکاح میں کوئی فرق پڑے گا یا نہیں؟

جواب:کوئی فرق نہیں پڑے گا، البتّہ شوہر کو بھائی،بیٹا وغیرہ کہناجائز نہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

بلّی اور دودھ

سوال:کیا بلّی کو دودھ پلا سکتے ہیں؟ کیا اس پر ثواب ملے گا؟

جواب:پلا سکتے ہیں اور اچّھی نیّت کے ساتھ پلائیں گے تو  اِنْ شَآءَ اللہ ثواب بھی ملے گا، مثلاً یہ نیّت کر لیجئے کہ میں اللہ پاک کو راضی کرنے کے لئے اسے دودھ پلا رہا ہوں۔ جانوروں کے ساتھ بھلائی کرنا باعثِ ثواب ہے جیساکہ ایک موقع پر صَحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان نے عرض کی:یارسولَ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم! کيا ہمارے لئے چوپايوں ميں بھی اجر ہے؟ فرمايا: ہر تَر جگر (یعنی ہر ذی روح،جاندار) ميں ثواب ہے۔(بخاری،ج 4،ص103، حدیث:6009ملتقطاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

”میری عمر تم کو لگ جائے“ کہنا کیسا؟

سوال:میری عُمْر تم کو لگ جائے کہنا کیسا ہے؟

جواب:جائز ہے، اس کا مطلب لمبی عمر کی دُعا دینا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسولُ اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب اللہ پاک نے حضرتِ آدم کو پیدا کیا تو ان کی پُشْت سے تاقِیامت پیدا ہونے والی اولاد کو حضرتِ آدم پر پیش کیا۔ وہ بولے: اے ربّ! یہ کون ہیں؟ فرمایا: تمہاری اولاد۔ حضرتِ آدم علیہ السَّلام نے ان میں سے ایک شخص کو دیکھا جس کی آنکھوں کے درمیان کی چمک آپ  کو پسند آئی، عرض کی: اے رب! یہ کون ہے؟ فرمایا: داؤد۔ عرض کی: اے رب! ان کی عمر کتنی مقرّر فرمائی ہے؟ فرمایا: ساٹھ سال۔ عرض کی: مولا! میری عمر میں سے چالیس سال ان کی عمر بڑھا دے۔ جب حضرت آدم علیہ السَّلام کی عمر چالیس سال کے علاوہ پوری ہوئی تو ان کی خدمت میں ملکُ الموت حاضِر ہوئے، حضرت آدم علیہ السَّلام نے فرمایا:  کیا ابھی میری عمر کے چالیس سال باقی نہیں؟ عرض کی: وہ آپ اپنے فرزند داؤد کو نہ دے چکے؟

(ترمذی،ج5،ص53، حدیث:3087 ماخوذا)

مفسرِ قراٰن، حکیمُ الامّت حضرت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنَّان فرماتے ہیں: آدم علیہ السَّلام کی عمر ایک ہزار سال تھی، آپ نے عرض کیا کہ میری عمر نو سو ساٹھ سال کردے اور داؤد علیہ السَّلام کی عمر پورے سو سال،یہ دُعا رب نے قبول فرمالی۔(مراٰۃ المناجیح،ج 1،ص118)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

علّامہ اور مولانا کے معنیٰ

سوال:علّامہ اور مولانا کے معنیٰ بتادیجئے۔

جواب:علّامہ کے معنیٰ ہیں:بہت بڑا عالِم۔ جبکہ مولانا کے لغوی معنیٰ ہیں:ہمارے مولیٰ، ہمارے آقا۔ عُرْف میں عُلَما کو بھی احتِراماً مولانا کہا جاتا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

786نمبر والا نوٹ رکھنا کیسا؟

سوال:سات سو چھیاسی نمبر والا نوٹ اپنے پاس رکھنا کیسا ہے؟ سنا ہے کہ یہ بڑی برکت والا ہوتا ہے۔

جواب:786 نمبر اچّھا ہے مگر جس نوٹ پر 786 نمبر ہو اس کو سنبھال کر رکھیں گے تو ہوسکتا ہے کہ کچھ عرصے بعد یہ گَل کر ضائع ہوجائے لہٰذا اس کو کسی جائز کام میں خرچ کردیا جائے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

مچھلی کی کھال کھانا کیسا؟

سوال:کیا مچھلی کھال سمیت کھا سکتے ہیں؟

جواب:کھا سکتے ہیں، مچھلی کے اوپر سے سنیں کُھرَچ کر نکال دیں اور کھال کھالیں، عُموماً نرم و لذیذ ہوتی ہے اس کو پھینکنا نہیں چاہئے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

شادی ہال میں بچ جانے والے کھانے کا مسئلہ

سوال:شادی ہال میں بچ جانے والا کھانا شادی ہال کا مالِک اور اسٹاف کھا سکتا ہے یا نہیں؟

جواب:شادی ہال میں کھانا کم بچے یا زیادہ، کھانے کے مالک کو بتایا جائے کہ آپ کا کھانا بچ گیا ہے۔ اگر مالک اجازت دے تو کھا سکتے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

گونگے لڑکے، لڑکی کے نکاح کا طریقہ

سوال:اگر مَرد و عورت گونگے ہوں تو ان کا نکاح کس طرح ہوگا؟

جواب:اشارے کے ذریعے ہوگا جبکہ ان کے اشارے سمجھ میں آتے ہوں۔ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:نِکاح جس طرح بول کر ہوتا ہے اسی طرح گونگے کے اِشارے سے بھی ہوجائے گا جبکہ اس کے اِشارے سمجھ میں آتے ہوں۔

(فتاویٰ عالمگیری،ج 1،ص270)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

 

Share

Articles

Comments


Security Code