دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2023


فیضانِ مدینہ کراچی میں سالانہ ” اجتماع ختمِ بخاری “

خلیفہ  امیرِ اہلِ سنّت نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھائی

جامعۃُ المدینہ  ( دعوتِ اسلامی )  کے زیرِ اہتمام 16 فروری 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سالانہ تقریب ” ختمِ بخاری شریف “ کے سلسلے میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی کے طلبہ براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک میں قائم جامعۃُ المدینہ بوائز / گرلز کے طلبہ و طالبات ہزاروں کی تعداد میں بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔ خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے حضرت امام ابو عبد اللہ محمد بن اسماعیل بخاری رحمۃُ اللہ علیہ کی سیرت پر گفتگو کرتے ہوئے احادیث مبارکہ سے متعلق آپ کی خدمات کو بیان کیا۔اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت نے ” بخاری شریف “ کی آخری حدیث پڑھائی اور ترجمہ پڑھ کر سنایا جبکہ استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے آخری حدیث کے تمام راویان کا نام ذکر کیا اور حدیث کی شرح بیان فرمائی۔

کنزُ المدارس بورڈ کے سالانہ امتحانات 2023ء کا سلسلہ

89 ہزار 200 اسٹوڈنٹس نے امتحانات میں حصہ لیا

کنزُ المدارس بورڈ  ( دعوتِ اسلامی )  کے زیرِ اہتمام 23 فروری تا 2 مارچ 2023ء تک ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا سلسلہ ہوا جس میں متوسّطہ  ( Middleتا عالمیہ سالِ دوم ( M.A )  کے ہزاروں اسٹوڈنٹس  ( بوائز / گرلز )  نے اگلی کلاس میں جانے کے لئے دلجمعی کے ساتھ امتحانی پرچے حل کئے جبکہ نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور اسٹوڈنٹس کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ناظمینِ امتحانات اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کنزُ المدارس بورڈ کی جانب سے پاکستان میں 621امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے تھے جن میں 3 ہزار 140 کا اسٹاف اسٹوڈنٹس کی نگرانی اور انتظامی معاملات کو سنبھالنے کے لئے مقرر تھا۔ ان سینٹرز میں 80 ہزار 627 اسٹوڈنٹس  ( بوائز / گرلز )  نے متوسّطہ  ( Middleتا دورۃُ الحدیث  ( M.A )  کے امتحانات دیئے۔ اس کے علاوہ تحفیظ القرآن امتحان میں شریک ہونے والے اسٹوڈنٹس ( بوائز / گرلز )  کی تعداد 8ہزار 573 تھی۔

لاہور میں پروفیشنلز کے درمیان ” فرض علوم کورس “ کا انعقاد

استاذُ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطّاری نےتربیت فرمائی

دعوتِ اسلامی کے شعبہ پروفیشنلز فورم کے تحت 5فروری 2023ء کو جامع مسجد سکینہ قذافی اسٹیڈیم ، گیٹ نمبر 9 ، بالمقابل دیوان خاص ہال لاہور میں ” فرض علوم کورس “ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز حضرات نے شرکت کی۔ شیخ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ” اللہ پاک کی ذات کے متعلق عقائد “ پر گفتگو فرمائی پھر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ اس موقع پر نگران مجلس شعبہ پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطّاری بھی موجود تھے۔

مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں شعبہ

رو حانی علاج کے تحت سات دن کے کورس کا اہتمام

پاکستان بھر سے صوبائی اور ڈویژن ذمہ داران نے شرکت کی

فیصل آباد میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں فروری 2023ء میں شعبہ رو حانی علاج کے تحت سات دن کا کورس کروایا گیا جس میں پاکستان بھر کے صوبائی اور ڈویژن ذمہ داران نے شرکت کی۔ کورس کے اختتام پر مدنی حلقے کا اہتمام کیا گیا جس میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ پاکستان سمیت دنیا کے 33ممالک میں اپنی خدمات سرانجام رہا ہے۔ اس شعبے کے تحت صرف پاکستان میں تعویذاتِ عطّاریہ کے 1ہزار 973 اسٹالز لگتے ہیں جہاں ہر مہینے کم و بیش 6 لاکھ تعویذات فِی سبیلِ اللہ دیئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ شعبہ وقتاً فوقتاً مختلف مقامات پر ” دعائے شفاء اجتماعات “ بھی منعقد کرتا ہے۔

مفتی منیبُ الرحمٰن صاحب کے چچا زاد بھائی کے انتقال پر

نگرانِ شوریٰ حاجی محمد عمران عطّاری کی اُن سے تعزیت

مولانا عبد المجید صاحب کے لئے فاتحہ خوانی و دعا کا سلسلہ

4 مارچ 2023ء بروز ہفتہ پروفیسر مفتی منیبُ الرحمٰن صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے چچا زاد بھائی مولانا قاضی عبد المجید صاحب  ( امام و خطیب جامع مسجد معصوم شاہ لسبیلہ ، کراچی )  کا کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال ہو گیا ، اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن ! 5مارچ 2023ء بروز اتوار دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری اور استاذُ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطّاری مدنی نے مفتی منیب الرحمٰن صاحب سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی و دعا بھی کی گئی۔

میلبرن آسٹریلیا میں جامعۃُ المدینہ

کی نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا

افتتاحی تقریب میں نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان

دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ انٹرنیشنل افیئر کے تحت 13 فروری 2023ء کو آسٹریلیا  ( Australiaکے شہر میلبرن  ( Melbourne )  میں جامعۃُ المدینہ کی نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ اسی سلسلے میں آسٹریلیا  ( Australia )  کے شہر میلبرن  ( Melbourne )  میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد ، کاروباری حضرات و عاشقانِ رسول سمیت مقامی ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ سنتوں بھرے اجتماع کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ اس کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج عمل کا دن ہے جبکہ اس کی جزا کل ملے گی۔ اولاد کو علمِ دین سکھانے کی ترغیب دلاتے ہوئے نگرانِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ والدین اولاد کی تربیت نہیں کریں گے تو روزِ قیامت ان کی گرفت ہوگی۔ دورانِ بیان نگرانِ شوریٰ نے درسِ نظامی ” عالم کورس “ کی اہمیت بھی بیان کی اور شرکائے اجتماع کو یہ ذہن دیا کہ اپنے بچوں کو درسِ نظامی کے لئے جامعۃُ المدینہ میں داخل کروائیں۔آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا جبکہ اس موقع پر نگرانِ ریجن آسٹریلیا عبد الواحد عطّاری اور نگران ویلز یوکے حاجی سیّد فضیل رضا عطّاری بھی موجو تھے۔

شعبہ ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک کے تحت

لاہور میں شخصیات اجتماع کا انعقاد

رُکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے بیان فرمایا

22 فروری 2023ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک کے زیرِ اہتمام لاہور میں شخصیات اجتماع منعقد کیا گیا جس میں پولٹری انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات ، فارمرز ، ڈاکٹرز ، ڈیلرز ، بروکرز اور پولٹری کمپنی کے CEO,s نے شرکت کی۔ اجتماع میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے ” زوال کے اسباب “ پر گفتگو کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے شعبہ ایگریکلچر کا تعارف اور خدمات کو بیان کیا۔ اس موقع پر اجتما ع میں آنے والے مہمانوں نے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کو سراہتے ہوئے پولٹری انڈسٹری میں اس طرح کے مزید پروگرامز کروانے کی نیتیں کیں۔


ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*   فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز


Share

Articles

Comments


Security Code