قبر میں ٹھکانا پیش کیا جاتا ہے

تعزیت و عیادت

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2023

قبر میں ٹھکانا پیش کیا جاتا ہے :

مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”شرحُ الصُّدُور ( اُردو ) “ صفحہ445 پر ہے : حضرت سیِّدُنا عبدُاللہ بن عُمَر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ حضور سیِّدِعالَم ، نُوْرِمُجَسَّم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جب تم میں سے کوئی فوت ہوتا ہے تو اس پر صبح و شام اس کا ٹھکانا پیش کیا جاتا ہے ، اگر جنتی ہو تو جنتیوں کا اور اگر دوزخی ہو تو دوزخیوں کا اور اس سےکہا جاتا ہے : یہ تیرا ٹھکانا ہے یہاں تک کہ بروزِ قیامت اللہ پاک تجھے اس کی طرف اٹھائے گا۔ ( بخاری ، 1 / 465 ، حدیث : 1379 )

صبر کا انعام ، بےصبری کا نقصان :

مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”احیاءُ العلوم  ( اُردو ) “ جلد5 ، صفحہ 309 پر ہے : اللہ پاک نے حضرت سیِّدُنا موسٰی کَلِیْمُ اللہ علیٰ نَبِیِّنَا وعلیہ الصّلوٰۃُ والسّلام کی طرف وحی فرمائی کہ بے شک جب میں کسی بندے سے محبت کرتا ہوں تو اسے ایسی آزمائشوں میں ڈال دیتا ہوں جنہیں پہاڑ بھی نہیں اٹھا سکتے تا کہ دیکھوں کہ اس کا صِدْق  ( یعنی سچا ہونا )  کیسا ہے۔اگر صبر کرنے والا پاتا ہوں تو اسے اپنا دوست اور محبوب بنا لیتا ہوں اور اگر جَزع فَزع  ( یعنی بے صبری ) کرنے والا پاتا ہوں کہ لوگوں سے میرے شکوے شکایتیں کرتا ہے تو اسے ذلیل و خوار کردیتا ہوں اور کوئی پروا نہیں کرتا۔

پیغاماتِ عطار : شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اپنے Video اور Audio پیغامات کے ذریعے دُکھیاروں اور غم زدوں سے تعزیت اور بیماروں سے عیادت فرماتے رہتے ہیں۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے فروری 2023ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ  ( اسلامک ریسرچ سینٹر )  کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 3019 پیغامات جاری فرمائے جن میں 551 تعزیت کے ، 2302 عیادت کے جبکہ 166 دیگر پیغامات تھے۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مرحومین کے سوگواروں سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی جبکہ بیماروں کے لئے دعائے صحت و  عافیت فرمائی۔

جن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کی اُن میں سے 10 کے نام یہ ہیں :

 ( 1 ) شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت علّامہ مولانا غلام نبی جماعتی صاحب کے انتقال  ( تاریخ وفات : 18 رجب شریف 1444ھ مطابق 10فروری 2023ء ، گکھڑ منڈی ، پنجاب )  پر ان کے بھتیجے حضرت مولانا حافظ احمد رضا جماعتی صاحب اور  دیگر سوگواروں سے تعزیت فرمائی اور حضرت کے لئے بلندیِ درجات کی دُعا فرمائی۔  ( 2 ) حضرت مولانا حافظ قاری محمد عبدالرزاق خان عتیق نقشبندی صاحب  ( تاریخ وفات : 30جُمادَی الاُخریٰ1444ھ مطابق 23 جنوری 2023ء ، لاہور )   ( 3 ) حضرت مولانا غلام مرتضیٰ صدیقی جلالی صاحب  ( تاریخ وفات : 7رجب شریف1444ھ مطابق 30جنوری 2023ء ، لاہور )   ( 4 ) حضرت مولانا مفتی محمد اعظم القادری  صاحب  ( تاریخ وفات : 11 رجب شریف 1444ھ مطابق 3فروری 2023ء ، فتح پور کمال ، پنجاب )   ( 5 ) پیرِ طریقت ، رہبرِ شریعت حضرت مولانا سید ظہور احمد شاہ صاحب  ( تاریخ وفات : 12 رجب شریف1444ھ مطابق 4فروری 2023ء ، ہند )   ( 6 ) حضرت صاحبزادہ پیر میاں اظہر عطّاری قادری صاحب کی امّی جان  ( تاریخ وفات : 13 رجب شریف 1444ھ مطابق 5فروری 2023ء ، شہر عبدالحکیم ، پنجاب )   ( 7 ) حضرت مولانا محمد اسلم سلیمی صاحب ( تاریخ وفات : 18رجب شریف 1444ھ مطابق 10فروری 2023ء ، کشمیر )   ( 8 ) مولانا نعمان فرید عطّاری مدنی  ( تاریخ وفات : 20رجب شریف 1444ھ مطابق 12فروری 2023ء ، بہاولپور ، پنجاب )    ( 9 ) مولوی اسماعیل سمیجو  صاحب ( تاریخ وفات : 20رجب شریف 1444ھ  مطابق 12فروری 2023ء ، گولارچی ٹاؤن ، سندھ )   ( 10 )  حضرت مولانا زبیر خان نقشبندی صاحب کی امّی جان  ( تاریخ وفات : 25رجب شریف 1444ھ مطابق 17فروری 2023ء ، کشمیر )  

جن کی عیادت کی اُن میں سے 4کے نام یہ ہیں :

 ( 1 ) رُکنِ شوریٰ و پنجاب مشاورت کے نگران حاجی محمد اسلم عطّاری  ( 2 ) مولانا غلام حسین عطّاری سکندری  ( امام و خطیب اقصی  مسجد ، گلشن حالی ، حیدرآباد )   ( 3 ) مولانا یوسف اختر القادری  ( حیدر آباد )   ( 4 ) مولانا حافظ وقاص زمان عطّاری مدنی  ( گوجرانوالہ ) ۔


Share

Articles

Comments


Security Code