Daman Sakhi Ka Thaam Lo

Book Name:Daman Sakhi Ka Thaam Lo

اعرابی کو مُسکرا کر دیکھا

حضرت اَنَس بن مالِک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں: ایک مرتبہ میں مَحْبوب صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   کی خِدْمت میں حاضِر تھا، آپ صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   نے مَوٹے کِناروں والی چادر اَوڑھ رکھی تھی، ایک دیہاتی شخص پیچھے سے آیا اور اُس نے اچانک چادر مبارَک پکڑ کر کھینچ لی، فرماتے ہیں: میں نے دیکھا، چادَر مبارَک کا کنارا مَحْبوب صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   کے کندھے مبارَک پر پِھر گیا، جس سے نَرْم و ملائِم جسمِ پاک پر نشان پڑ گیا۔

دیہاتی بولا: اے مُحَمَّد صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  ! اللہ  پاک کے دئیے سے مجھے بھی عطا فرمائیے!

اب ذرا غور کیجیے! آدمی سُوالی ہو اور اِس انداز سے آ کر سُوال کرے، ہم جیسا کوئی ہو تو غُصّے سے لال پیلے ہو جائیں، ایک ہی سانس میں اُسے 10، 12 کھری کھری سُنا ڈالیں۔ مگر قربان جائیے! مَحْبوبِ ذیشان صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   ہیں، اللہ  پاک نے انہیں تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ حضرت اَنَس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں: پیارے مَحْبوب صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   نے مُڑ کر اُس دیہاتی کی طرف دیکھا اور اِنتہائی خوبصُورت انداز میں مسکرائے، ساتھ ہی فرمایا: اِس دیہاتی کی مانگ پُوری کر دی جائے۔([1])

اللہ  اکبر! یہ ہے سخاوتوں کا اَنداز...!! اِس شان کا سخی نہ کبھی تھا، نہ ہے، نہ قیامت تک ہو سکتا ہے۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ اسی شانِ بندہ پرورِی پر ناز کرتے ہوئے عرض کرتے ہیں:

سرکار ہم گَنْواروں میں طَرْزِ اَدَب کہاں   ہم کو تو بس تمیز یہی بھیک بھر کی ہے


 

 



[1]...بخاری، کتاب فرض الخمس، کتاب ما کان النبی  صَلَّی اللہ  تَعَالٰی علیہ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ...الخ، صفحہ:807، حدیث:3148۔