Book Name:Sikka Naya Chalega
توفیق نصیب فرمائے۔
یہاں ایک چھوٹا سا سُوال ذِہن میں اُٹھتا ہے، بندہ جب درود شریف پڑھے تو بدلے میں اللہ پاک بھی اُس پر درود بھیجتا ہے، فرشتے بھی درود بھیجتے ہیں، اِس میں کیا حکمت ہے؟ درود شریف پڑھنے پر ٭ جنّت عطا کی جا سکتی ہے٭جنّتی محلّات دئیے جا سکتے ہیں، ٭بڑے انعامات دئیے جا سکتے ہیں، اِس کی بھی روایتیں ہیں، درود پڑھنے والے کو جنّتی انعامات بھی دئیے جاتے ہیں، ساتھ میں درود بھی بھیجا جاتا ہے، اِس کی کیا حکمت ہے؟ بڑی خوبصُورت بات کہی ہے اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہ علیہ نے، لکھتے ہیں:
خدا اُن کو کِس پیار سے دیکھتا ہے جو آنکھیں ہیں مَحْوِ لِقائے مُحَمَّد([1])
یعنی اللہ پاک کو اپنے مَحْبُوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے اتنی محبّت ہے، اتنی محبّت ہے کہ ٭ جو آنکھ اِن کو دیکھنے لگ جائے، وہ آنکھ اللہ پاک کو پیاری ہو جاتی ہے٭جو زَبان اُن پر درود پڑھنے میں مَصرُوف ہو جائے، اللہ پاک کو وہ زَبان پیاری ہو جاتی ہے٭جو دِل ان کی یاد میں بَس جائے، اللہ پاک کو وہ دِل پیارا ہو جاتا ہے۔
لہٰذا جب بندہ مَحْبُوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر درود شریف پڑھتا ہے تو اللہ پاک کو اتنا پیارا ہو جاتا ہے کہ اللہ پاک خُود بھی اُس پر رحمتیں بھیجتا ہے اور فرشتوں کی بھی ڈیوٹی لگ جاتی ہے کہ جب تک بندہ درود پڑھ رہا ہے، تب تک اس کے لیے دُعائیں کرتے رہو...!!
دِل کہتا ہے ہر وقت صفت اُن کی لکھا کر کہتی ہے زَباں نعت مُحَمَّد کی پڑھا کر
اِس محفلِ میلاد میں اے بندۂ سرکار جب آئے درود اُس شہِ عالَم پہ پڑھا کر
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد