Book Name:Sikka Naya Chalega
پیارے اسلامی بھائیو! یہ شانِ مصطفےٰ ہے۔ آپ اَندازہ لگائیے! جن کی شانیں پہلے سب کے سب نبیوں سے بھی اُونچی ہیں، وہ مَحْبوب صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم جو رات کے ایک مختصر تَرِین حصّے میں عرش سے اُوپَر تک کا سَفَر کر کے، اللہ پاک کے قربِ خاص کی سب منزلیں طَے کر کے واپس تشریف لا سکتے ہیں، جن کی رات کے مختصر لمحے کی پرواز اتنی زیادہ ہے، 1500 سالوں میں اِن کی شانوں میں کتنا اِضافہ ہو چکا ہو گا...؟
ہم صِرْف اندازہ لگا سکتے ہیں، اِن کی شانوں کا حال یہ ہے کہ
تیرا وصف بیاں ہو کس سے، تیری کون کرے گا بڑائی
اِس گَردِ سَفَر میں گُم ہے، جبریلِ اَمیں کی رَسائی
صِرْف زمینی حقائق آپ کے سامنے رکھوں۔ ایک عالمی ریسرچ ادارے کی رِپورٹ کے مطابق صِرْف یورپ میں (جہاں غیر مسلم حکومت ہے، وہاں) سالانہ 1 لاکھ اَفراد اِسلام قبول کر کے غُلامئ مصطفےٰ میں آتے ہیں۔
اب اَلحمدُ للہ ! دُنیا میں ایک بڑی تعداد میں مسلمان ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس وقت دُنیا میں 2.6 اَرب مسلمان ہیں۔ یعنی دُنیا کا تقریباً ہر چَوتھا آدمی مسلمان ہے۔ یقیناً یہ 2.6 ارب مسلمان مل کر بھی کسی ایک صحابی رَضِیَ اللہ عنہ کے قدموں کی دُھول تک بھی نہیں پہنچ سکتے۔ مگر ہم صِرْف تعداد کی بات کریں، حَجَّۃُ الْوَدَاع کے موقع پر تقریباً 1لاکھ 24 ہزار صحابۂ کرام رَضِیَ اللہ عنہم تھے، یعنی اُس وقت 1 لاکھ 24 ہزار دِل یادِ مصطفےٰ میں تڑپتے تھے، 1 لاکھ 24 ہزار زبانیں ذِکْرِ مصطفےٰ کرتی تھیں، 2 لاکھ 48 ہزار کان ذِکْرِ مصطفےٰ سُن کر سرور پاتے تھے۔ اب اَلحمدُ للہ ! یادِ مصطفےٰ میں تڑپنے والے دِلوں، ذِکْرِ مصطفےٰ کرنے والی زبانوں اور ذِکْرِ مصطفےٰ سُن کر خوش ہونے والے کانوں کی تعداد میں 21 لاکھ فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔