Khutba Sunnay Ke Aadab

Book Name:Khutba Sunnay Ke Aadab

 

مکافاتِ عَمَل کا بیان

اِس کے بعد ایک حدیث شریف آتی ہے:

ٱَلْبِرُّ لَا يَبْلٰی، وَٱلذَّنْبُ لَا يُنْسٰی، وَٱلدَّيَّانُ لَا يَمُوتُ، ٱِعْمَلْ مَا شِئْتَ، كَمَا تَدِينُ تُدَانُ

ترجمہ:نیکی پرانی نہیں ہوگی، گناہ بُھلایا نہ جائے گا اور بدلہ دینے  والا نہ مرے گا،تو جو کچھ چاہو کرو، جیسا کرو گے، ویسا بدلہ دیا جائے گا۔([1])

 یہ بہت اَہَم تَرِین حدیثِ پاک ہے، زندگی گزارنے کا ایک بہترین سبق اِس میں بیان ہو گیا، اِس نصیحت کو ہم پلّے سے باندھ لیں، زندگی سَنْور جائے گی۔ کیا فرمایا: نیکی پُرانی نہیں پڑتی، سالوں پہلے کی ہوئی نیکی بھی کبھی نہ کبھی کام ضَرور آجاتی ہے۔ گُنَاہ کبھی بھلایا نہیں جاتا، چھوٹے سے چھوٹا گُنَاہ بھی ہمارے دَفْترِ اَعْمال میں لکھ دیا جاتا ہے، دُنیا میں نہ بھی ہو تو آخرت میں ہمارے سامنے ضَرور رکھ دیا جائے گا۔ بدلہ دینے والی ذات یعنی اللہ   پاک کو فنا نہیں ہے، بس اب جو چاہو کرو! جیسا کرو گے، ویسا ہی بھرو گے۔

نیکی کا بدلہ نہیں مگر نیکی

یونہی دوسری طرف آجائیں *آج کسی کے ساتھ نیکی کریں گے،   اِنْ شَآءَ اللہ   الْکَرِیْم ! اس کا بدلہ پائیں گے۔  اللہ   پاک فرماتا ہے:

هَلْ جَزَآءُ الْاِحْسَانِ اِلَّا الْاِحْسَانُۚ(۶۰)

(پارہ:27، سورۂ رحمٰن:60)

تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: نیکی کا بدلہ نیکی ہی ہے۔


 

 



[1]... جامع صغیر، صفحہ:192، حدیث:3199۔