Book Name:Ilm e Deen Kay Fazail
سایہ کرتا ہے ، دوسرا فرشتہ پہلے فرشتے کے پروں کے اُوپر اپنے پروں سے سایہ کرتا ہے ، یوں کرتے کرتے آسمان تک فرشتے ایک دوسرے کے پروں پر اپنے پَر پھیلا دیتے ہیں۔
طالِبِ عِلْمِ دین کی یہ فضیلت بیان کرنے کے بعد سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : کیا سیکھنے آئے ہو ؟ حضرت صَفْوان رَضِیَ اللہ عنہ نے عرض کیا : یارسولَ اللہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! میں مکہ مکرمہ سے مسلسل سفر کرتے ہوئے آپ کی خدمت میں موزوں پر مسح کے متعلق مسئلہ پوچھنے حاضِر ہوا ہوں۔ ( [1] )
سُبْحٰن اللہ ! سُبْحٰن اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو ! دیکھئے ! عِلْمِ دین سے کیسی محبت ہے ! صِرْف ایک مسئلہ پوچھنے کے لئے اتنی دُور سے سَفر کر کے حاضِر ہوئے۔ اور ہمارے پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی خوشی کا انداز بھی دیکھئے ! آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے کس پیارے انداز میں طالِبِ عِلْمِ دین کا استقبال فرمایا اور انہیں طلبِ عِلْمِ دین کے فضائِل سنائے۔
( 9 ) : عِلْمِ دین کی برکت سے قبر روشن ہوتی ہے
حضرت کعبُ الاَحْبار رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : اللہ پاک نے اپنے نبی حضرت موسیٰ عَلَیہ السَّلام کی طرف وحی فرمائی : ( اے موسیٰ ! ) بھلائی کی باتیں سیکھو اور لوگوں کو سکھاؤ ! بے شک میں عِلْمِ ( دین ) سکھانے والوں اور سیکھنے والوں کی قبریں روشن فرماؤں گا ، انہیں قبر میں بالکل وحشت نہیں ہو گی۔ ( [2] )