Book Name:Zulm Ka Anjam

12 مدنی کاموں میں سے ایک  مدنی کام ”بعدِ فجرمدنی حلقہ“

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اگر ہم بھی ظُلم وسِتم کی آفات سے دور رہنا چاہتے  ہیں اور اچھی عادات اپنانا چاہتے ہیں  تو عاشقانِ رسول کی مسجد بھرو مدنی تحریک دعوت ِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہو جائیں اور نیکی کے کاموں میں ترقی کے لئے 12 مدنی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان  12 مدنی کاموں میں سے ایک مدنی کام نمازِ فجر کے بعد  مَدَنی حَلْقہ بھی ہے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ اس مدنی حلقے میں نمازِفجرکےبعد3 آیاتِ قرآنی کی تلاوت مع تَرْجَمَۂ کنز الایمان وتفسیر خزائنُ العرفان/ تفسیر نورُالْعرفان/ تفسیرصِراطُ الجنان،درسِ فیضانِ سُنَّت(4صفحات)اور آخرمیں شَجْرہ قادِریہ،رَضَویہ، ضیائیہ، عطاریہ بھی پڑھا اور سُنا جاتا ہے،اس کے بعد شجرے کے کچھ نہ کچھ اَوْراد و وظائف اوراِشراق وچاشت کے نوافل پڑھنے کی بھی ترکیب ہوتی ہے۔ قرآنِ کریم پڑھنے پڑھانے  اور سمجھنے سمجھانے  کی تو کیا بات ہے ۔

حضرتِ سیِّدُنااَنَس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  سے رِوایت ہے کہ رسولِ اکرم،نُورِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِرْشاد فرمایا: جس شَخْص  نے قرآنِ پاک سیکھا اورسکھایا اور جو کچھ قرآنِ پاک میں ہے،اس پر عمل کیا،قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنّت میں لے جائے گا۔(تاریخ ابن عساکر،۴۱/۳، معجم کبیر، ۱۰/۱۹۸حدیث:۱۰۴۵۰)ایک اور حدیث پاک میں ہے :جس شَخْص  نے قرآنِ کریم کی ایک آیت یا دِین  کی کوئی سنّت سکھائی ،قِیامت کے دن اللہ   پاک اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔ (جمع الجوامع، ۷/۲۸۱، حدیث:۲۲۴۵۴)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! ہمیں بھی  چاہئے کہ ہم   دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہو  کر  12 مدنی کاموں  کے ذریعے دعوتِ اسلامی کا  مدنی پیغام  خوب عام کریں اورشریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخِرت بھی   بہتر بنانے کی کوشش کریں ۔