بولتا رسالہ ”قیامت کا امتحان“ سننے کا عجیب اثر/ اَنمول مدنی پھولوں پر مشتمل جوابی صوتی پیغام دینی مطالعہ کرنے والے کی حوصلہ افزائی/ آسان زندگی گزارنے کا نسخہ/ صُوری پیغام ملنے پر مسجد بنانے کے لئے پلاٹ وقف کردیا

بولتا رسالہ ”قیامت کا امتحان“ سننے کا عجیب اثر

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

پىارے باپا جان! ابھی میں گاڑی چلاتے ہوئے (مکتبۃ المدینہ کا) رسالہ ”قیامت کا امتحان“ کی ریکارڈنگ سُن رہا تھا، باپا! رسالہ سننے کی وجہ سے مجھ پر اىسى کىفىت طاری ہوگئى کہ جسم میں نہ ہاتھ محسوس ہورہے تھے نہ پاؤں، ڈر تھا کہ کہىں گاڑى لگ نہ جائے،صحىح سلامت گھر پہنچوں گا یا نہىں! گاڑی ایک سائیڈ میں روک کر یہ صوتی پیغام (Audio Message) ریکارڈ کر رہا ہوں، باپا! اىمان و عافىت کے ساتھ موت کى دعا کردىجئے گا، باپا! دنیا و آخرت میں ہاتھ تھامے رکھئے گا، مت چھوڑئیے گا، باپا! میرا اور مىرے گھر والوں کو ہاتھ پکڑ کر جنت مىں لے جاىئے گا۔ اللہ کرے کہ میں آ پ کے ساتھ رہ کر اخلاص کے ساتھ کچھ نیک اعمال کرنے مىں کامىاب ہوجاؤں۔ باپا! اىسى کىفىت ہوگئى کہ محسوس نہىں ہورہا ہے کہ جسم مىں کوئى چىز ہے، سر اور آنکھیں بھارى بھارى سى ہوگئى ہىں۔ باپا! ایمان و عافیت کی دعا کىجئے گا۔

اَنمول مدنی پھولوں پر مشتمل جوابی صوتی پیغام

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے حاجی وقاص عطاری!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

خوفِ خدا میں ڈوبا ہوا آپ کا صوتی پیغام سُنا، بولتا رسالہ ”قیامت کا امتحان“ سُن کر آپ نے جو کیفیت بیان فرمائی، اللہ پاک اس میں مزید برکتیں دے، اللہ کرے کہ خوفِ خدا بڑھ جائے اور ہم گناہوں سے بچ کر نیکیوں کے حریص بن جائیں۔ خوفِ خدا جتنا بڑھے گا، نیکیاں اُتنی ہی بڑھیں گی اور گناہوں کا زور بھی ٹوٹے گا بلکہ گناہ ہوں گے ہى کیوں؟ اللہ سے ڈرنے والے بندے گناہ نہیں کرتے! بیٹے! ہمیں تو گناہ کے قریب بھی نہیں جانا اور نہ ہی گناہ کرنے کی پلاننگ کرنی ہے، جیسے ہی ذہن میں گناہ کرنے کا خیال آئے تو فوراً اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم یعنی میں اللہ کى پناہ مانگتا ہوں شىطان مردود سے۔ پڑھیں، جب ہم اللہ پاک سے پناہ مانگیں گے تو وہ ضَرور ہمیں اپنی پناہ میں لے گا اور شیطان سے ہماری حفاظت فرمائے گا۔ بیٹے! قىامت کا امتحان ہونے سے پہلے قَبْر کا امتحان ہونا ہے، آہ! آخرت کی پہلی منزل قبر ہے۔ حضرتِ سیِّدُنا عثمانِ غنی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فرمایا:میں نے سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سنا:بے شک آخِرت کی سب سے پہلی منزل قبر ہے۔ قبر والے نے اس سے نجات پائی تو بعد کا معاملہ آسان ہے اور اگر اس سے نجات نہ پائی تو بعد کا معاملہ زیادہ سخت ہے۔ (ترمذی،ج4ص138، حدیث:2315) بہرحال قبر کا امتحان کب ہوگا؟  اس کا وقت کسی کو نہیں پتا، ہوسکتا ہے آج ہى ہوجائے۔ آئے دن ہارٹ اٹیک یا حادثات وغیرہ کی وجہ سے دنیا میں کئی نوجوان موت کا شکار ہوجاتے ہیں، اچانک اموات کتنی ہورہی ہیں! آہ! ایک دن اپنی بھى بارى آنى ہے، چاہے جوانى مىں آئے یا بڑھاپے مىں! موت سے تو چھٹکارا ہى نہىں ہے، ىہ طَے ہے، موت ضَرور آنی ہے۔ بىٹے! ابھى سے ہمىں موت کے لئے اپنا ذہن بنا کر رکھنا چاہئے کہ اب آئى کہ اب آئى۔   ؎

جنازہ آگے آگے کہہ رہا ہے اے جہاں والو!

مِرے پىچھے چلے آؤ تمہارا رہنما مىں ہوں

رجب (١٤٣٩ھ) کا چاند نظر آگیا ہے، آپ کو رجب کا مہینا مبارک ہو، آج چاند رات ہے اور آج کى رات دعا قبول ہوتى ہے، دُعا کرىں کہ اللہ پاک ہمیں برکتیں عطا فرمائے، خوب عبادتىں رىاضتىں کرنے کی توفیق دے، اللہ کریم ہمیں گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، اپنا خوف عناىت کرے، استقامت بخشے، جتنا ہوسکے ہم دعوتِ اسلامى کے مدنى کاموں کے ذریعے دین کا کام کرلىں۔

بیٹے!فىضانِ نَماز کورس کی ترکىب فرمالىں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ مدىنہ مدىنہ ہوجائے گا۔

(اَلْحَمْدُ لِلہِ حاجی وقاص نے رجب کے پہلے ہفتے میں ”فیضانِ نماز کورس“ کے لئے داخلہ لے لیا)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

آسان زندگی گزارنے کا نسخہ

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے بلال ساجد عطاری لوساکا(زیمبیا،جنوبی افریقا) کے مسافر! اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

آپ کا رقعہ نظر نواز ہوا، مَا شَآءَ اللّٰہ آپ مدنی کام کرنے کے لئے  لوساکا (زیمبیا،جنوبی افریقا) سفر کر رہے ہیں، ہوسکتا ہے  اب تک پہنچ بھی گئے ہوں، آپ جہاں بھی رہیں اللہ پاک آپ کو شاد و آباد، پھلتا پھولتا مدینے کے سدا بہار پھولوں کے صدقے مسکراتا رکھے اور صحت و عافیت سے نوازے۔ آپ نے رقعے میں یہ بھی لکھا کہ ”میں نے پانچ کلو وزن کم کیا“ یہ بات میرے لئے توجہ کا سبب بنی، مَا شَآءَ اللّٰہ! اللہ کریم آپ کو صحت دے۔ بیٹے! اگر زندگی آسان گزارنی ہے تو یوں سمجھ لو کہ عمر بھر کھانے پینے میں پرہیزی رکھنی ہے ورنہ زیادہ کھانا یا  چکناہٹ اور مٹھاس والی چیزوں کا بےتحاشا استِعمال کرنا شوگر بڑھنے، کولیسٹرول لیول ہائی ہونے، دل اور نہ جانے کون کون سی بیماریوں کا سبب بنتا  ہے، اللہ پاک ہم سب کو محفوظ رکھے، ہماری زندگی آسان گزرے، عافیت والی آسان موت مدینے میں شہادت کی صورت میں آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے جلووں میں مل جائے تو کیا بات ہے! میرے لئے بے حساب مغفِرت کی دُعا کیجئے۔

 لوساکا(زیمبیا،جنوبی افریقا) اور جہاں جہاں آپ کی حاضری ہو وہاں کے اسلامی بھائیوں کو میرا سلام عرض کیجئے گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

دینی مطالعہ کرنے والے کی حوصلہ افزائی

مرکزی جامعۃ المدینہ نیپال کے دَرَجہ سادِسہ کے طالبِ علم حامد رضا نے 10دن کے اندر اندر:”کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، پردے کے بارے میں سوال جواب، دو رسالے اور غالباً مدنی مذاکرے کی مطبوعہ کئی اقساط کا مطالعہ کیا،“ جس پر امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صوتی پیغام کے ذریعے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی اور دعاؤں سے نوازتے ہوئے مرکزی جامعۃ المدینہ نیپال کے تمام اساتذۂ کرام و طلبۂ کرام کو سلام بھی بھیجا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

صُوری پیغام ملنے پر مسجد بنانے کے لئے پلاٹ وقف کردیا

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغام کے ذریعے مرحوم غلام محمد قریشی کی تعزیت فرماتے ہوئے اہلِ خانہ کو مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے مسجد بنانے اور بچوں کو درسِ نظامی کروانے کی ترغیب دلائی، جس پر اہلِ خانہ نے لَبَّیْک کہتے ہوئے ایک پلاٹ مسجد بنانے کے لئے دعوتِ اسلامی کو وقف کیا اور 3مدنی منّوں اور 2مدنی منّیوں کو درسِ نظامی کروانے کی بھی نیت پیش کی۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code