تندرستی ہزار نعمت ہے

تندرستی ہزار نعمت ہے

ماہنامہ مئی 2021ء

از : شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ

عام طور پر اسی (80) فیصد امراض پیٹ کی خرابی ، زیادہ کھانے اور جو سامنے آیا اسے پیٹ میں ڈالے جانے سے ہوتے ہیں ، اس لئے گلے سڑے چپس ، ٹافیوں ، چاکلیٹوں ، کباب سموسوں اور ہوٹلوں کے غیر معیاری کھانوں کے بجائے موسمی پھلوں ، ڈرائی فروٹس اور سبزیوں کا استعمال کیجئے ، نیز کھانا گھر کا کھائیے ، عام طور پر گھر کا پکا ہوا کھانا اچھا ہوتا ہے ، لیکن جن گھروں میں تیل ، ویجیٹیبل گھی بکثرت استعمال ہوتا ہے ان گھروں میں دل کے اَمراض وغیرہ بھی زیادہ ہوسکتے ہیں کہ طبی تحقیقات کے مطابق دل کے امراض ، فالج ، برین ہیمبریج عام طور پر تیل کے زیادہ استعمال کرنے سے ہوتے ہیں۔ اسی طرح اِضافی نمک کے استعمال سے بھی کئی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں ، کئی طرح کے آئٹمز کے ذریعے اضافی نمک استعمال کیا جارہا ہوتا ہے مثلاً سردیوں میں عموماً اُبلے ہوئے انڈے نمک لگا کر استعمال کئے جاتے ہیں ، ضروری غذا کے علاوہ مختلف نمکین بیج (Nuts) وغیرہ کے ذریعے یا زیادہ کھانا کھانے کے ذریعے پیٹ میں زیادہ نمک پہنچانے سے گُردوں کو نمک نکالنے کے لئے محنت زیادہ کرنا پڑتی ہے ، پھر بھی کچھ نہ کچھ نمک گُردے میں جمع ہوتا رہتا ہے ، یوں یہ سلسلہ آہستہ آہستہ گُردوں کو امراض کی طرف لے جاتا اور بالآخر انہیں فیل کردیتا اور ڈائلیسز کی نوبت آجاتی ہے۔ نمک کم استعمال کیا جائے تو ہائی بلڈپریشر میں بھی کمی آتی ہے ، بعض اوقات آدمی کو پتا بھی نہیں چلتا ایک دَم بلڈ پریشر ہائی ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے کئی مرتبہ برین ہیمبریج ہوجاتا اور جان پر بن جاتی ہے۔ وزن زیادہ ہونے ، تیل ، گھی اور تلی ہوئی چیزوں کو بکثرت استعمال کرنے سے بھی عام طور پر یہ مرض ہوجاتا ہے ، یوں ہی میٹھی چائے زیادہ پینے یا زیادہ مٹھاس کھانے سے شوگر ہوجاتی ہے۔ میں نے نوٹ کیا ہے کہ گھروں میں جو ڈشیں پکتی ہیں ان میں عموماً مٹھاس زیادہ ہوتی ہے ، ڈبل ٹرپل چینی ڈالتے ہیں ، جس کا نتیجہ شوگر اور دیگر بیماریاں ہوتی ہیں۔ مدنی مذاکروں میں بارہا میں اس طرح کی باتیں کہتا رہتا ہوں تاکہ اُمّت کو نفع ہو۔ اَلْحمدُ لِلّٰہ! ایک تعداد ہوگی جو “ مدنی مذاکرے “ میں صحت کے بارے میں مفید باتیں سُن سُن کر عمل کرتی ہوگی ، ان کا کچھ نہ کچھ احتیاط کا ذہن بنتا ہوگا ، لہٰذا عباد ت پر قوت حاصل کرنے کی نیّت سے احتیاط کیجئے ، صحت اچھی ہوگی تو اِنْ شآءَ اللہُ الکریم نماز میں بھی دل لگے گا ، روزے بھی رکھ سکیں گے اور دوسری عبادات بھی اچھے انداز سے ادا ہوجائیں گی ، اللہ پاک کے دین کی خدمت کے لئے بھاگ دوڑ اور سنّتیں سیکھنے کے لئے مدنی قافلوں میں عاشقانِ رسول کے ساتھ سفر کرسکیں گے۔ اگر شوگر ہائی ہوگی ، خون میں کولیسٹرول لیول بڑھا ہوا ہوگا ، طرح طرح کی بیماریاں اپنے اندر لئے ہوئے ہوں گے تو بدن میں سُستی ہوگی ، اور دین کی خدمت اور دنیوی کام کرنے کا دل نہیں چاہے گا۔ اللہ پاک اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ ہمیں اپنی صحت کی حفاظت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(نوٹ : یہ مضمون5ربیعُ الاوّل1439ھ کے مدنی مذاکرے کی مدد سے تیار کرکے امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  سے مزید مشورے لے کر پیش کیا جارہا ہے۔ )

اس مضمون کی طبّی تفتیش مجلس طبّی علاج کے ڈاکٹر کامران اسحاق عطّاری نے فرمائی ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code