درس دینے کا طریقہ

تین بار اس طرح اعلان فرمایئے:”قریب قریب“ تشریف لائیے۔ پردے میں پردہ کئے دو زانو بیٹھ کر اس طرح ابتِدا کیجئے: (مائک استعمال نہ کریں، بغیر مائک کے بھی آواز دھیمی رکھیں، کسی نمازی وغیرہ کو تشویش نہ ہو) اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَط اَمَّا بَعْدُط فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِط بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِط اس کے بعد اِس طرح دُرُود و سلام پڑھایئے:

اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ                    وَعَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَا حَبِیْبَ اللّٰہ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا نَبِیَّ اللّٰہ                  وَعَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَا نُوْرَ اللّٰہ

اگر مسجِد میں ہیں تو اِس طرح اعتکاف کی نیّت کروایئے: نَوَیْتُ سُنَّتَ الِاْعْتِکَاف (ترجَمہ: میں نے سنّتِ اعتکاف کی نیّت کی)

پھر اس طرح کہئے: میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! نگاہیں نیچی کئے توجُّہ کے ساتھ رِضائے الٰہی کیلئے علمِ دین حاصل کرنے کی نیّت سے ”فیضانِ سُنَّت“ کا دَرس سنئے۔ اِدھر اُدھر دیکھتے ہوئے، زمین پر اُنگلی سے کھیلتے ہوئے، لباس بدن یا بالوں وغیرہ کو سَہلاتے ہوئے سُننے سے ہو سکتا ہے اس کی بَرَکتیں جاتی رہیں۔ (بیان کے آغاز میں بھی قریب قریب آ جایئے کہہ کر اِسی انداز میں رغبت دِلایئے اور اچّھی اچّھی نیّتیں بھی کروائیے) یہ کہنے کے بعد فیضانِ سنَّت سے دیکھ کر دُرُود شریف کی ایک فضیلت بیان کیجئے ۔

پھر کہئے:صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!            صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

جو کچھ لکھا ہوا ہے وُہی پڑھ کر سنایئے،آیات و عَرَبی عبارات کا صِرف ترجَمہ پڑھئے، لکھے ہوئے مضمون کا اپنی رائے سے ہر گز خُلاصہ مت کیجئے۔ دَرْس کے آخِر میں اِس طرح ترغیب دلایئے: (ہر مُبلّغ کو چاہئے کہ زَبانی یاد کر لے اور درس و بیان کے آخر میں بِلا کمی بیشی اِسی طرح ترغیب دلایا کرے) خوفِ خدا وعشقِ مصطفےٰ کے حصول کیلئے ہر ہفتے کو عشا کی نماز کے بعد امیرِ ا ہلِ سنّت کا مَدَنی مذاکرہ دیکھنے سننے اور ہر جُمعرات مغرِب کی نَماز کے بعد عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک،دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتِماع میں بہ نیتِ ثواب ساری رات گزارنے  کی مَدَنی التجا ہے، عشا کے بعد بے شک وہیں آرام فرما لیجئے اور اللہ پاک توفیق دے توتہجُّد بھی ادا کیجئے، ہر ماہ کم از کم تین دن کے  مَدَنی قافلے میں سنّتو ں بھرا سفر اور روزانہ فکرِ مدینہ کے ذَرِیْعے ”نیک بننے کا نسخہ“ بنام مَدَ نی اِنعامات کا رسالہ پُر کر کے ہر اسلامی ماہ کی پہلی تاریخ کو اپنے یہاں کے ذ مّے دار کو جَمع کروانے کا معمول بنا لیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ اِس کی بَرَکت سے پابندِ سنّت بننے، گناہوں سے نفرت کرنے اور ایمان کی حفاظت کیلئے کُڑھنے کا ذِہن بنے گا۔

آخِر میں خشوع وخُضُوع (یعنی جسم ودل کی عاجِزی) اور قبولیّت کے یقین کے ساتھ دُعا میں ہاتھ اُٹھانے کے آداب بجالاتے ہوئے بلا کمی بیشی اس طرح دعا مانگئے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَط یاربِّ مصطَفٰے عَزَّوَجَلَّ! بطفیلِ مصطَفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمہماری،ہمارے ماں باپ کی اور ساری اُمّت کی مغفِرت فرما۔ یا اللہ پاک! درس کی غلَطیاں اور تمام گناہ مُعاف فرما، ہمیں عاشقِ رسول ،پرہیزگار اور ماں باپ کافرما ں بردار بنا، یا اللہ پاک! ہمیں مَدَنی انعامات پر عمل کرنے، مَدَنی قافِلوں میں سفر کرنے اورنیکی کی دعوت کی دھومیں مچانے کی توفیق عطا فرما۔ یا اللہ پاک! مسلمانوں کوبیماریوں، قرض داریوں، بے رُوزگاریوں ، بے اولادیوں،جھوٹے مقدّموں اور طرح طرح کی پریشانیو ں سے نَجات عطا فرما۔ یا اللہ پاک! اسلام کا بول بالا کر۔ یا اللہ پاک!ہمیں دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول میں استقامت عطا فرما۔ یا اللہ پاک! ہمیں زیرِ گنبد خضرا جلوۂ محبوب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں شہادت، جنّتُ الْبقیع میں مدفن اور جنّتُ الفردوس میں اپنے مدنی حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما۔ یااللہ پاک! مدینے کی خوشبو دار ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کا واسِطہ ہماری  جائز مُرادوں پر رَحمت کی نظر فرما۔

کہتے رہتے ہیں دعا کے واسطے بندے تِرے

کر دے پوری آرزو ہر بے کَس و مجبور کی

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

شعر کے بعد یہ آیتِ مبارک پڑھئے:(اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ-یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا(۵۶)) (پ22، الاحزاب:56)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) سب دُرُودشریف پڑھ لیں پھر پڑھئے:(سُبْحٰنَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا یَصِفُوْنَۚ(۱۸۰)وَ سَلٰمٌ عَلَى الْمُرْسَلِیْنَۚ(۱۸۱)وَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۠(۱۸۲)) (پ23،اَلصّٰفٰت:180تا182)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (آخر میں کلمہ پڑھ کر سنّت پر عمل کی نیّت سے منہ پر دونوں ہاتھ پھیر لیجئے)


Share

Articles

Comments


Security Code