دِل برداشتہ اسلامی بھائی کی دِلجوئی

دِل برداشتہ اسلامی بھائی کی دِلجوئی

8جُمادَی الاُولٰی1439ہجری (25جنوری 2018عیسوی) شبِ جمعہ (یعنی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات) کو امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مکان ”بیتُ البقیع“ کے ”جنّت ہال“ میں خُصُوصی مَدَنی مذاکرے کا سلسلہ تھا جس میں جامعۃ المدینہ فیضانِ بخاری، عطاری کابینہ اور ہند سے آئے ہوئے اسلامی بھائیوں کی حاضری کی ترکیب تھی، جگہ کم ہونے کی وجہ سے مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی کے دورۂ حدیث شریف کے ایک طالبِ علم کو بھی داخلے کا موقع نہ مل سکا تو وہ دِل برداشتہ ہوئے، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو جب اس کا پتا چلا تو آپ نے حفاظتی اُمور کے ذمّہ دار اسلامی بھائی سے معلومات کروائیں، ان کی طرف سے جگہ کی کمی اور اسلامی بھائیوں کی کثرت کا عذر بیان ہوا اور احتِیِاطی معافی بھی مانگی گئی، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دل برداشتہ ہونے والے اسلامی بھائی کو دو صوتی پیغام روانہ کئے جن کا خُلاصہ یہ ہے:

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے بلال عطاری (طالبِ علم، دورۃُ الحدیث شریف!)

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

آپ کی چٹھی میں نے پڑھی جس میں شبِ جمعہ آپ بیتُ البقیع کے باہر کھڑے  رہے، اندر حاضری کی ترکیب نہ بَن سکی، کے بارے میں لکھا تھا۔ اسے پڑھ کر واقعی مجھے قلبی طور پر افسوس ہوا کہ آپ تو مَا شَآءَ اللّٰہ مدنی مذاکروں کے اتنے پابند ہیں کہ آپ کو تو سب سے پہلے داخلہ ملنا چاہئے مگر جگہ کی تنگی کی وجہ سے آپ سمیت دیگر طلبۂ کرام کو اندر آنے کا موقع نہ مل سکا۔ میں آپ سے اس صدمے پر تعزیت کرتا ہوں۔ بیٹے! آپ کو اور ان سب طلبۂ کرام کو جو اندر حاضر نہ ہوسکے تھے دِل بڑا رکھنا چاہئے، اس میں دل توڑ کر بیٹھنا یا دِل تھوڑا نہیں کرنا چاہئے۔ اب جگہ ہی نہیں ہے تو کیا کیا جائے؟ اس کا مطلب تو یہی ہے کہ ہم کو مدنی مذاکرہ یہاں نہیں بلکہ (فیضانِ مدینہ کے)  رَمَضان ہال یا میلاد ہال میں کرنا چاہئے، مگر بعض دیوانے گھر پر مدنی مذاکرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس میں خوش بھی زیادہ ہوتے ہیں، تو اس میں اپنا دِل نہ توڑا کریں، دِل بڑا رکھا کریں اور مدنی مذاکرہ جہاں بھی ہو اس میں آیا کریں ۔

؏ اللہ کرے دل میں اتر جائے مِری بات!

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code