Deeni Ijitmaat Ki Barkaat

Book Name:Deeni Ijitmaat Ki Barkaat

فرمایا : جب تمہارا کوئی گروہ بیٹھتا ہے تو اس کے ساتھ اتنی ہی تعداد میں فرشتے بھی بیٹھ جاتے ہیں ، اگر تمہارا گروہ سُبْحٰنَ اللہ کہتا ہے تو فرشتے بھی سُبْحٰنَ اللہ کہتے ہیں ، اگر تم الحمد للہ کہتے ہو تو فرشتے بھی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہتے ہیں اور اگر تم اللہ اَکْبَرُ کہتے ہو تو فرشتے بھی اللہ اَکْبَرُ کہتے ہیں۔ پھر وہ فرشتے اپنے رَبّ کی بارگاہ میں حاضِر ہو جاتے ہیں حالانکہ اللہ پاک ان سے  زیادہ جاننے والا ہے ، فرشتے عرض کرتے ہیں : اے ہمارے رَبّ ! تیرے بندے تیری پاکی بیان کرتے تھے تو ہم نے بھی تیری پاکی بیان کی ، انہوں نے تیری بڑائی بیان کی تو ہم نے بھی تیری بڑائی بیان کی ، انہوں نے تیری حمد بیان کی تو ہم نے بھی تیری حمد بیان کی۔ اس پر اللہ پاک فرماتا ہے : اے فرشتو ! گواہ ہو جاؤ... ! !  کہ میں نے انہیں بخش دیا۔ فرشتے عرض کرتے ہیں : ان میں فُلاں بندہ بڑا بدکار ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے : وہ  ( یعنی ذِکْرُ اللہ کے لئے دِینی اجتماع سجانے والے )  ایسی  قوم ہے کہ جن کے پاس بیٹھنے والا بھی بدبخت نہیں رہتا۔ ( [1] )  

سُبْحٰنَ اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو ! اندازہ کیجئے ! دِینی اجتماعات کیسے بابَرَکَت ہیں... ! !  جو ان دینی اجتماعات میں آتا ہے ، اس کی اپنی تو کیا فضیلت ہو گی... ! !   جو تھوڑی دَیر کے لئے ان خوش نصیبوں کے پاس بیٹھ جائے ، وہ بھی محروم نہیں رہتا۔  خیال رہے ! اللہ ھُو اور حق ھُو کی ضربیں لگانا بےشک ذِکْر ہی ہے ، تاہم تلاوتِ قرآن ، حمد و ثنا ، مناجات و دعا ، درود و سلام ، نعت ، منقبت ، خطبہ ، درس ، سنتوں بھرا بیان وغیرہ بھی ذِکْرُ اللہ میں شامِل ہیں۔ لہٰذا دعوتِ اسلامی کے سنتوں بھرے اجتماعات بھی ذِکْر کے حلقے ہیں۔

سارے عالم کو ہے تیری ہی جستجو

جِنّ و اِنس و مَلک کو تِری آرزو


 

 



[1]...مجمع البحرین، کتاب الاذکار، باب مجالس ذِکْر اللہ، جلد:4، صفحہ:192، حدیث:4520ملتقطًا۔