Book Name:Pyaray Aaqa Ka Pyara Naam
اللہ اکبر! کیا شان ہے میرے آقا ومولیٰ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی، اللہ پاک نے آپ کو بےشُمار شانیں عطا فرمائیں اور ہر شان میں آپ کو بےمثل و بےمثال رکھا ہے ٭اللہ پاک نے آپ کو بشر بنایا تو بےمثال بشر بنایا ٭اللہ پاک نے آپ کو نبی بنایا تو سارے نبیوں کا سردار بنا دیا ٭اللہ پاک نے آپ کو نُور بنایا تو نُوری مخلوق اور بھی ہے، فرشتے سارے کے سارے نُوری مخلوق ہیں مگر ذرا واقعۂ معراج پر نظر تو ڈالئے، ایک نُور حضرت جبریل علیہ السَّلَام ہیں، ایک نُور میرے اور آپ کے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہیں، سِدْرَۃُ المُنْتَہیٰ کا مقام آتا ہے، حضرت جبریل عَلَیْہِ السّلام عرض کرتے ہیں: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم ! یہاں سے ایک پَورے کے برابر آگے بڑھوں تو میرے پَر جل جائیں گے، ذرا غور کرنے کا مقام ہے، جبریل عَلَیْہِ السَّلَام بھی نُور ہیں، پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ بھی نُور ہیں، ایک وہ نور ہے کہ ذرا آگے بڑھے تو پَر جلتے ہیں، ایک وہ مبارک نُور ہے کہ آگے جائے تو بدن مبارک پر پہنے ہوئے کپڑوں کو بھی کچھ نہیں ہوتا ہے ۔ پتا چلا؛ اللہ پاک نے اپنے محبوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو نُور بنایا تو نُور بھی بےمثل و بےمثال بنایا ہے ٭اور شان دیکھئے! دُنیا میں ہر ایک کو جس فطرت پر پیدا کیاگیا، رَبِّ کریم نے اپنے محبوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو فطرت بھی سب سے جُدا عطا فرمائی، سب کی فطرت میں سیکھنا رکھا، محبوبِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی فطرت میں شانِ اُمِّیت رکھی کہ آپ سیکھتے کسی سے نہیں ہیں، سکھاتے سب کو ہیں۔