Book Name:Pyaray Aaqa Ka Pyara Naam
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
بہر حال! پیارے اسلامی بھائیو! یہ چند ایک مثالیں(Examples) تھیں، اس گفتگو کا حاصِل اور خُلاصہ (Summary) یہ ہے کہ ٭ایک تو اللہ پاک نے اپنے محبوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو بےشُمار نام عطا فرمائے ہیں ٭پِھر اس کے ساتھ ساتھ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو ان ناموں میں بہت ساری خصوصیات سے بھی نوازا ہے ٭اللہ پاک کے اَسْمَاءُ الحسنیٰ یعنی پیارے پیارے نام، ان میں 30 نام تووہ ہیں جو رَبِّ کریم نے وہ نام اپنے محبوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو عطا فرمائے ہیں ٭پِھر اللہ پاک کے 99 اَسْمَاءُ الحسنیٰ جوہیں، رَبِّ کریم نے ان 99 کے 99 پاکیزہ ناموں کا مظہرِ اَتَم (یعنی کامِل نمونہ) اپنےمحبوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو بنا دیا ہے۔
یہ پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے پیارے ناموں کی چندخصوصیات تھیں، اب آئیے! آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے چند ایک پیارے پیارے نام اوران کی قدرے وضاحت سُن لیتے ہیں۔
نامِ پاک : مُحَمَّد
اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:
وَ مَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌۚ (پارہ:4، آل عمران:144)
ترجمہ کنزُ الایمان:اور مُحَمَّد تو ایک رسول ہیں۔
اس آیتِ کریمہ میں رسولِ ذیشان، مکی مدنی سلطان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کے 2 نام مبارک بیان ہوئے: (1):مُحَمَّد (2):رَسُوْل۔