Imam Hussain Ke 5 Ausaf

Book Name:Imam Hussain Ke 5 Ausaf

امام عالی مقام کا ایک خطبہ

آخر میں آئیے! امام عالی مقام، امام حُسَین رَضِیَ اللہ  تَعَالٰی عَنْہُ کا ایک سبق آموز خطبہ سنتے ہیں: تاریخ مدینہ دمشق میں ہے:کربلا کے دِن 10 مُحَرَّم شریف کی صبح کو امام عالی مقام، امام حُسَیْن رَضِیَ اللہ  تَعَالٰی عَنْہُ نے خطبہ دیتے ہوئے فرمایا: اے اللہ  کے بندو! اللہ  پاک سے ڈرو! اور دُنیا سے بچتے رہو! بےشک اس دُنیا میں اگر کسی نے ہمیشہ رہنا ہوتا تو ضرور انبیائے کرام عَلَیْہمُ السَّلام ہمیشہ رہتے مگر اللہ  پاک نے اس دُنیا کو آزمائش کے لئے پیدا فرمایا ہے،یہاں کے رہنے والے سب فَنَا ہونے کے لئے ہی بنائے گئے ہیں، دُنیا کی نئی چیزیں پُرانی ہونے والی ہیں، یہاں کی نعمتیں ختم ہونے والی ہیں،یہاں کی خوشیاں ختم ہونے والی ہیں، پَس! سامانِ سَفَر تیار کرو! بےشک بہترین سامانِ سَفَر تقویٰ ہی ہے، اللہ  پاک سے ڈرو! تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ...!! ([1])

پیارے اسلامی بھائیو! یہ امامِ عالی مقام، امام حُسَین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی پاکیزہ سیرت کے چند پہلو، آپ کی چند ادائیں ہم نے سُنیں، اَلحمدُ لِلّٰہ ! ہم عاشقانِ امام حُسَین ہیں، اللہ  پاک محبّتِ صحابہ و اَہْلِ بیت پر ہمیں استقامت نصیب فرمائے، کاش! زبانی محبّت کے ساتھ ساتھ عملی محبّت بھی نصیب ہو جائے، کاش! امامِ عالی مقام، امام حُسَین رَضِیَ اللہ  تَعَالٰی عَنْہُ کے پاکیزہ کردار کا فیضان ہمیں نصیب ہو جائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم  

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد



[1]... تاریخ مدینہ دمشق،جلد:14، صفحہ:218۔