Book Name:Jazbati Pun ky Nuqsanat

مسجد میں اذان ہوئی ، اب ہم نے نماز پڑھنی ہے  تو سب سے پہلے ہم دِل ہی دِل میں فیصلہ کریں گے کہ نماز کا وقت ہو گیا ، نماز پڑھنے چلو! یہ فیصلہ کر لینے کے بعد دُوسری چیز جو ضروری ہے وہ ہے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانا ، نماز کے لئے چل پڑنا ، مسجد میں پہنچنا ، اس کام کے لئے ضروری ہے کہ ہماری اپنے فیصلے کے ساتھ گہری وابستگی ہو ، اگر بالفرض ہم اپنے فیصلے کے ساتھ وابستہ نہ رِہ سکے تو ہو سکتا ہے ہم جب نماز پڑھنے جا رہے ہوں ، راستے میں کوئی بُرا دوست مِل جائے اور ہم اس کی باتوں میں آکر نماز قضا کر بیٹھیں یا شیطان ہمارے دِل میں وَسْوَسہ ڈالے اور ہم اپنا فیصلہ تبدیل کر لیں۔ لہٰذا فیصلہ کر لینے کے بعد ، اُس کام کو عَمَلی جامہ پہنانے کے لئے اُس کام کے ساتھ گہری وابستگی بھی ضروری ہے۔  

یہ جو دوسری چیز ہے یعنی اپنے فیصلوں کے ساتھ ، اپنے کام کے ساتھ ، دِین کے ساتھ ، قرآن کے ساتھ ،  سُنّت کے ساتھ ، اپنے رشتے داروں کے ساتھ ، اپنے ماں باپ ، اولاد وغیرہ کے ساتھ گہری وابستگی ، اس کے لئے اللہ پاک نے ہمیں جذبات عطا فرمائے ہیں۔ دیکھئے! اللہ پاک نے ہمیں کان سُننے کے لئے دئیے ہیں ، ہم کان کے ذریعے سونگھ نہیں سکتے ، ناک سونگھنے کے لئے ہے ، اس سے دیکھ نہیں سکتے ، آنکھ دیکھنے کے لئے ہے ، اس سے ہم کھا نہیں سکتے۔ اسی طرح فیصلہ کرنے کے لئے شُعُور دیا گیا ہے ، ہم جذبات کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کر سکتے ، ہم جو بھی فیصلہ اپنے شُعُور سے کریں گے ، وہ شُعُوری فیصلہ کہلائے گا ، اگر ہم جذبات کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے ، شُعُور کو پیچھے کر دیں گے تو اسے جذباتی فیصلہ کہا جائے گا جو عُمُوماً ہمیں غلط رستے کا مُسَافِر بنا دیتا ہے۔