Book Name:Deeni Talaba Per Kharch Kejiye
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آج کے بیان کا موضوع ہے “ دینی طلبہ پر خرچ کیجئے “ جس میں ہم صحابَۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان اور دیگر بزرگوں کے ایسے واقعات سُنیں گے کہ انہوں نے دِینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا وقت دینے کے ساتھ ساتھ اپنا مال بھی خرچ کیا۔ آج کے دور میں ہم دِینی طلبہ کی کس طرح سے خدمت کر سکتےہیں؟ اس کے علاوہ مزید اہم نکات بھی سُنیں گے۔ اللہ کریم ہمیں سارا بیان اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ سُننے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد
علمِ دین کےپیاسوں پر مال خرچ کیا
حضورنبیِّ پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ایک سفر سے واپسی پر خاتونِ جنت حضرت فاطمہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا کے گھرتشریف لائے لیکن گھر کے دروازے پر ایک پردہ اور اپنی لخْتِ جگر کے ہاتھوں میں چاندی کے دو کنگن ملاحظہ فرماکر واپس تشریف لے گئے۔ حضرت ابو رافع رَضِیَ اللہُ عَنْہ خاتونِ جنت رَضِیَ اللہُ عَنْہا کی خدمت میں حاضر ہوئے تو وہ رورہی تھیں ، انہوں نےمصطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم كے لوٹ جانے کی خبردی توحضرت ابورافع رَضِیَ اللہُ عَنْہ نے بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکرواپسی کاسبب پوچھا ، آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : دروازے پر موجودپردے اور چاندی کے کنگنوں کے سبب میں واپس آگیا۔ ( ابو داود ، کتاب الترجل ، باب ما جاء فی الانتفاع بالعاج ، ۴ / ۱۱۸ ، حدیث : ۴۲۱۳بتغیر)