Book Name:Istiqbal-e-Ramadan

       صدرُ الشَّریعہ،بدرُ الطَّریقہ حضرت علامہ مولانامفتی محمد امجد علی اعظمی رَحمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: عمرمیں ایک بار دُرُود شریف پڑھنا فرض ہے اور ہر جَلسۂ ذکر میں دُرُود شریف پڑھنا واجب ، خواہ خُود نامِ اقدس لے یا دوسرے سے سُنے اور اگر ایک مجلس میں سو(100)بار ذکر آئے تو ہربار دُرُود شریف پڑھنا چاہئے ، اگر نامِ اقدس لیا یا سُنا اور درُود شریف اس وَقت نہ پڑھا تو کسی دوسرے وَقت میں اس کے بدلے کا پڑھ لے۔ (بہارِشریعت، حصّہ سوم،۱/۱۰۱)

یانبی! بے کار باتوں کی ہو عادت مجھ سے دُور

 

بس دُرُودِ  پاک کی  ہو خُوب کثرت   یارسول

(وسائلِ بخشش مُرمّم،ص۲۴۲)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

کتاب”فَیْضَانِ رَمَضان“ کا تعارُف

        میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!فیضانِ رَمَضان سے مالا ہونے،اِطاعتِ والِدَین کا جذبہ پانے اور  دُرود و سلام کی عادت اپنانے کے لئے شیخ ِطریقت،امیر اہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تصنیف”فیضانِ رَمَضان“ کا مطالعہ کیجئے۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ اس کتاب میں روزوں، تَرَاوِیح،سحر و اِفطار،اِعْتِکاف،صَدَقَۂ فِطْر اورعِیْدُ الْفِطْر وغیرہ کے فضائل و اَحْکام کو آسان ترین انداز میں بیان کِیا گیا ہے۔چونکہ اس ماہ کےروزے ہم پر فرض ہیں لہٰذا ان روزوں کے شرعی مسائل سیکھنا بھی ہمارے لئے ضروری ہے اور ”فیضانِ رَمَضَان “میں روزے کے عمومی مسائل و اَحْکام موجود ہیں لہٰذا آج ہی اس کتاب کو مکتبۃ المدینہ کے بستے سے ھدیۃًطلب فرمائیے،خُود بھی اس کا مُطالعہ کیجئے اور دوسروں کو بھی ترغیب دلائیے۔دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اس کتاب کو رِيڈ(یعنی پڑھا) بھی جا سکتا ہے، ڈاؤن لوڈ (Download)اور پرنٹ آؤٹ(Print Out) بھی کِیا جاسکتا ہے۔