Book Name:Ghaus e Pak ki Ibadat O Riyazat

ایک اور مقام پر ارشادِربّانی ہے:

یٰۤاَیُّهَا  الَّذِیْنَ  اٰمَنُوا  اتَّقُوا  اللّٰهَ  حَقَّ  تُقٰتِهٖ  وَ  لَا  تَمُوْتُنَّ  اِلَّا  وَ  اَنْتُمْ  مُّسْلِمُوْنَ٤،آل عمران: ١٠٢)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان: اے ایمان والو ! اللّٰہ سے ڈرو جیسا اس سے ڈرنے کا حق ہے اور ہرگز نہ مرنا ، مگر مسلمان۔

    میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! جس طرح قرآنِ کریم میں خوفِ خدا کی اہمیت بیان کی گئی ،اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی جابجا خوفِ خدا کی فضیلت اوراس کے احکام بیان فرمائے گئے ہیں لہٰذا خود کو گناہوں سے بچانے اور دل میں خوفِ خدا جگانے کے لئے چند احادیث مبارکہ سنئے۔

    حضرت سَیِّدُنا انس رَضِیَ اللّٰہُ تَعالیٰ عَنۡہُ سے مروی ہے کہ رحمتِ کونین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا،''اللّٰہ تعالٰی فرمائے گا کہ اسے آگ سے نکالو جس نے مجھے کبھی یاد کیا ہو یا کسی مقام میں میرا خوف کیا ہو۔''(شعب الایمان ،باب فی الخوف من اللہ تعالیٰ ،١/٤٦٩،حدیث:٧٤٠)

    سردارِ دو جہان، محبوبِ رحمن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے ،''جو شخص اللّٰہ سے ڈرتا ہے، ہر چیز اس سے ڈرتی ہے اور جو اللّٰہ تعالٰی کے سوا کسی سے ڈرتا ہے تو اللّٰہ تعالٰیاسے ہر شے سے خوف زدہ کرتا ہے۔'' (شعب الایمان ،باب فی الخوف من اللّٰہ تعالیٰ ،١/٥٤١،حدیث: ٩٧٤)

     میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بیا ن کردہ آیاتِ مبارکہ اور احادیثِ شریفہ سن کر اے کاش! ہمارے دل پر پڑا غفلت کا پردہ چاک ہو جائے اور امیدِ رحمت کے ساتھ ساتھ ہمیں صحیح معنوں میں خوفِ خدا بھی نصیب ہوجائے، اپنے پروردگار عَزَّوَجَلَّ کی ناراضیوں کا ہر دم دھڑکالگا رہے اور اے کاش!ہم نَزْع کی سختیوں، موت کی تلخیوں ، قبر کی اندھیریوں اور وَحشتوں، میدانِ قِیامت میں چھوٹی چھوٹی باتوں کی بھی پُرسِشوں کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہنے والے بن جائیں۔