بچوں کی  پہنچ سے  دور رکھیں / مدرسۃ المدینہ اورمدنی ستارے

 ایک اسلامی بھائی کا بیان ہے کہ ایک روزمیرا بیٹا شعبان رضا جوکہ ہمارے گھر کی رونق تھا ، میرے سامنے   کھیل میں مگن تھا ، کچھ ہی دیر بعد میں کام میں مصروف ہوگیا    اچانک    مجھے خیال آیا کہ شعبان رضا کہاں ہے؟  شعبان کی والدہ کو آواز دی اور پوچھا شعبان رضا کہاں ہے؟ وہ بولیں : مجھے معلوم نہیں! دیکھئے کہیں نیچے نہ اُتر گیا ہو ، نیچے والد صاحب کے گھر پہ معلوم کیا تو پتا چلا کہ شعبان وہاں بھی نہیں ہے ، ہم پریشانی کے عالم میں شعبان کو تلاش کررہے تھے کہ اسی  دوران  میرے ذہن میں خیال آیا کہ واش روم میں بھی دیکھ لیا جائے چنانچہ جب میں واش روم میں گیا تو  کیا دیکھتا ہوں کہ پانی سے بھری بالٹی میں میرا شعبان رضا منہ کے بل گِرا ہوا ہے! ہم بچے کو اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ بچّہ انتقال کرچکا ہے ، اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔

معزَّز والدین! عالمی ادارۂ صحت(World Health Organization) کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں گھریلو حادثات کے باعث سالانہ تقریباً 34 لاکھ بچّے زخمی ہوتے ہیں جن میں سے کم و بیش 6لاکھ 30ہزار بچّے موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان اموات اور حادثات کی اگرچہ مختلف وجوہات ہیں لیکن دیکھا جائے تو اس میں کہیں نہ کہیں سرپرست حضرات کی غفلت کا عمل دخل بھی ہوتا ہے! اگر آپ چاہتے ہیں کہ بچّے گھریلو حادثات سے محفوظ رہیں تو ان کی پہنچ میں کوئی بھی ایسی چیز نہ رہنے دیں جو بچّوں کی نازک زندگیوں کے لئے نقصان کا باعث ہو ، اس سلسلے میں بتائی گئی  حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا فائدہ مند ہوگا اِنْ شَآءَ اللہ ۔

* تیزاب (Acid) ، پیٹرول ، مٹی کا تیل اور اس طرح کی دیگر نقصان دہ اور خطرناک مائع (Liquid) اشیاء میں سوائے “بچّوں کی پہنچ سے دور رکھنے “ کے کسی اور حفاظتی تدبیر کی طرف نہ جائیں کیونکہ ان کی بوتل پر اگرچہ آپ بڑا بڑا لکھ کر لگابھی دیں گے تو بچے کو کیا پتا کہ یہ کیا لکھا ہے؟* دیوار کی نچلی سطح پر اگر ضرورت نہیں تو بجلی کے ساکٹ نہ لگوائیں اور اگر لگے ہوئے ہیں تو ان کو یا تو کسی چیز سے پیک کردیں یا پھر ان ساکٹ تک بجلی کی فراہمی مُنقَطع کردیں * گھر میں موجود ٹینک کے ڈھکن کو کھلا مت چھوڑیں بلکہ اس میں لاک لگائیں نیز جب کبھی کھولنے کی ضرورت پیش آئے توجب تک کھلا ہے وہاں کوئی نگرانی کرنے والا لازمی ہو * بعض اوقات بجلی کے بورڈ یا پھر کچھ کھلے تار لٹکتے ہوئے نظر آتے ہیں ، انہیں بےحال چھوڑ کر حادثات کو دعوت دینے کے بجائے کوشش کرکے فوری طور پر ٹھیک کرائیں * استری کرنے کے بعد جب تک وہ ٹھنڈی نہ ہو جائے اسے کسی اونچی جگہ بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں* گھریلو استعمال کی چھری ، چاقو اور کانٹے وغیرہ کچن میں ریک کے اس حصے میں رکھیں جہاں تک بچّوں کی رسائی نہ ہو* مائیں چھوٹے بچّوں کو اکیلا سوتے ہوئے چھوڑ کر کام کاج میں مصروف ہوجانے سے گُریز کریں یا وقتاً ًفوقتاً دیکھتی رہیں بالخصوص بیڈ وغیرہ پر لٹائیں تو سائیڈ میں تکیہ وغیرہ کی رکاوٹ ضرور رکھیں * باتھ روم کا دروازہ بند رکھیں کیونکہ عموماً وہاں پانی سے بھری بالٹیاں اور ٹب موجود ہوتے ہیں ، چھوٹے بچے اپنے آپ کو اس میں گراکر نقصان پہنچاسکتے ہیں * جن گھروں میں چھوٹے بچّے ہوں وہاں ٹیبل یا کسی اور فرنیچر پر کپڑا رکھ کر اس پر وزنی سامان اور کانچ کے شو پیس وغیرہ رکھنا بچوں کے حادثے کا خود موقع فراہم کرنے والی بات ہے ، کیونکہ بچّے اس کپڑے کو کھینچ کر اپنے اوپر سامان گراسکتے ہیں۔

محترم والدین! یہاں نمونے (یعنی Sample) کے طور پر چند ایک اشیاء کو بیان کیا گیا ہے اس کے علاوہ بھی بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن کا  بچوں کی پہنچ میں ہونا ان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ، لہٰذا اپنے اِرد گِرد کے ماحول کا جائزہ لے کر ان اشیاءکی معلومات حاصل کریں اور انہیں “بچّوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔ “

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

بچوں کی  پہنچ سے  دور رکھیں / مدرسۃ المدینہ اورمدنی ستارے

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! دعوتِ اسلامی کےمدارسُ المدینہ میں بچّوں کی تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ان کی اَخلاقی تربیت پربھی خاصی توجّہ دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ مدارسُ المدینہ کے ہونہار بچّے اچّھے اَخلاق سے مُزَیّن ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی غیر معمولی کارنامے سرانجام دیتے رہتے ہیں ، مَدْرسۃُ المدینہ مدینہ مسجد میں بھی کئی ہونہار مَدَنی ستارے جگمگارہے ہیں۔ شیخ حماد بن غلام نبی عطّاری ان مدنی ستاروں  میں سے ایک ہیں ،ان کے تعلیمی کارنامےذیل میں دئیے گئے ہیں ، ملاحظہ فرمائیں :

25 دن میں مدنی قاعدہ مکمل کیا ، 1ماہ میں ناظرہ قراٰنِ مجید ختم کیا جبکہ 4ماہ اور 26 دن کے قلیل عرصہ میں مکمل قراٰنِ کریم حفظ کر لیا۔ مَا شَآءَ اللّٰہ! روزانہ قراٰنِ کریم کے 3 پارے پڑھنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں ۔ حفظِ قراٰن کے ساتھ تعلیمات ِقراٰن کوسمجھنے کے لئے مکتبۃ ُ المدینہ کے 150 سے زائد کتب و رسائل کا مطالعہ کرچکے ہیں۔ علمی وعملی میدان میں مضبوطی لانے اور اُمّت کی خیر خواہی کے جذبے کے تحت  مستقبل میں درسِ نظامی (عالِم کورس)  اور مفتی کورس کرنے کا  پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔


Share

بچوں کی  پہنچ سے  دور رکھیں / مدرسۃ المدینہ اورمدنی ستارے

آج ہم جس مَدْرسۃُ المدینہ کا تعارف کروا رہے ہیں اس کا نام ہے “ مَدْرسۃ ُالمدینہ مدینہ مسجد “ جو کہ ضلع ننکانہ میں واقع ہے۔

مَدْرسۃُ المدینہ مدینہ مسجد میں تعلیم ِقراٰن  کا آغاز 1999 میں ہوگیا تھا جبکہ جدید تعمیر کا آغاز 2001 میں ہوا۔ رُکنِ شوریٰ حاجی اظہر اقبال عطّاری نے اس مَدْرسۃُ المدینہ کا سنگِ بنیاد (Foundation Stone) رکھا جبکہ اس کا افتتاح مرحوم نگرانِ شوریٰ حاجی مشتاق عطّاری   رحمۃ اللہ علیہ   نے کیا تھا۔

اس مَدْرسۃُ المدینہ میں حِفْظ و ناظِرہ دونوں کی کلاسز ہیں۔ اب تک (یعنی2020 تک)اس مَدْرسۃُ المدینہ سےکم وبیش 160 طَلَبہ حِفظِ قراٰن کی سعادت پاچکےہیں جبکہ 1300 بچّے ناظِرہ قراٰنِ کریم مکمّل کرچکے ہیں۔ یہاں سے تعلیم مکمّل کرنے والے 66سے زائد طلبہ درسِ نظامی (عالِم کورس) میں داخلہ لے چکے ہیں جبکہ 15 سے زائد درس نظامی بھی مکمل کر چکے ہیں ۔ اللہ پاک دعوت ِ اسلامی کے تمام شعبہ جات بشمول ’’مَدْرسۃُ المدینہ‘‘ کو ترقّی و عُروج عطا فرمائے۔

                             اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code