اپنے نام کے ساتھ محمد کی جگہ ”M“لکھنا کیسا؟

کیا جائے نَماز میں نماز پڑھنے سے مسجد کا ثواب ملے گا؟

سوال:بعض مقامات پر نماز پڑھنے کے لئے جائے نماز بنائی جاتی ہیں کیا وہاں نماز پڑھنے پر مسجد میں نماز پڑھنے کا ثواب ملے گا؟

جواب:مسجد میں نَماز پڑھنے کا ثواب نہیں ملے گا کیونکہ جائے نماز اور مسجد کے احکام میں فرق ہوتا ہے۔(مدنی مذاکرہ، یکم رجب المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

موت کے وقت مَلَکُ الموت کا نظر آنا

سوال:کیا انسان کو موت کے وقت ملکُ الموت نظر آتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! نظر آتے ہیں، اسی وجہ سے موت کے وقت کافر کا ایمان لانا اسے فائدہ نہیں دے گا کیونکہ غیب پر ایمان لانے کا حکم ہے اور اب غیب نہ رہا سب چیزیں اسے نظر آرہی ہوتی ہیں۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص98تا100ملخصاً) ایک بڑی عبرت آموز روایت ملاحظہ ہو،حضرتِ سیّدُنا ابراہیم خلیلُ اللہ علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام نے مَلَکُ الموت سے کہا: کیا تم مجھے اپنی وہ صورت دِکھا سکتے ہو جس میں تم گنہگاروں کی روح قبض کرنے کو جاتے ہو؟ مَلَکُ الموت بولے: آپ نہیں دیکھ سکیں گے۔ آپ علیہ السَّلام نے فرمایا: میں دیکھ لوں گا، چنانچہ مَلَکُ الموت نے کہا: تھوڑی سی دیر دوسری طرف توجہ فرمایئے۔ جب آپ نے کچھ دیر کے بعد دیکھا تو ایک کالا آدمی نظر آیا جس کے رونگٹے (یعنی بدن کے بال) کھڑے ہوئے تھے، بدبو کے بھبکے اُٹھ رہے تھے، کالے کپڑے پہنے ہوئے اور اس کے منہ اور نتھنوں سے آگ کے شعلے نکل رہے تھے اور دُھواں اُٹھ رہا تھا۔ حضرتِ سیّدُنا ابراہیم علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام یہ منظر دیکھ کر بے ہوش ہوگئے، جب آپ کو ہوش آیا تو دیکھا کہ مَلَکُ الموت پہلے والی شکل میں بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ علیہ السَّلام نے فرمایا: اگر فاسق و فاجر کے لئے موت کی اور کوئی سختی نہ ہو تب بھی صرف تمہاری صورت دیکھنا ہی اس کے لئے بہت بڑا عذاب ہے۔(مکاشفۃ القلوب، ص169-مدنی مذاکرہ،30جمادی الاخریٰ1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

قِیامت کے دن جانوروں سے حساب

سوال:کیا قِیامت کے دن جانوروں سے بھی حساب ہوگا؟

جواب:جی ہاں! جانوروں سے بھی حساب ہوگا اور اس کی صورت یہ ہوگی کہ جن جانوروں نے ظلم کیا ہوگا وہ اور مظلوم قیامت کے دن اُٹھائے جائیں گے اور مظلوم جانور ظالم سے بدلہ لیں گے۔ حدیثِ پاک میں بکری کے بارے میں صراحت کے ساتھ آیا ہے کہ بغیر سینگ والی بکری کا سینگ والی بکری سے بدلہ لیا جائے گا، پھر یہ سارے جانور مٹی کردئیے جائیں گے اور اس وقت کافر حسرت سے کہے گا: یٰلَیْتَنِیْ كُنْتُ تُرٰبًا کاش! میں بھی مٹی کردیا جاتا۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)(مستدرک،ج5،ص794، حدیث: 8756) مگر ان کو مٹی نہیں کیا جائے گا اور یہ ہمیشہ ہمیشہ جہنم میں رہیں گے، اللہ پاک ہمارا ایمان سلامت رکھے۔اٰمین(مدنی مذاکرہ، یکم رجب المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

اپنے نام کے ساتھ محمد کی جگہ ”M“لکھنا کیسا؟

سوال:اپنے نام کے ساتھ ”محمد“ کے بجائے انگلش میں اس کی شارٹ فارم ”M“ لکھنا کیسا ہے؟

جواب:علمائے کرام نے اپنے نام کے ساتھ محمد کی جگہ ”M“ لکھنے سے منع فرمایا ہے، اسی طرح بہارِ شریعت میں نبیِّ كريم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا نامِ نامی اسمِ گرامی کے ساتھ دُرودِ پاک کے بدلے ” ؐ یا ”صَلْعَم“ لکھنےکو ناجائز و حرام فرمایا گیا ہے۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص534) لہٰذا جب بھی پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا نامِ پاک لکھیں تو پورا دُرود شریف صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم لکھئے۔(مدنی مذاکرہ،4ربیع الاوّل 1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

انسان کا اپنا عقیقہ خود کرنا کیسا؟

سوال:کیا انسان اپنا عقیقہ خود کرسکتا ہے؟

جواب:اگر بچپن میں عقیقہ نہ ہوا ہو تو اپنا عقیقہ خود کرسکتے ہیں۔(فتاویٰ رضویہ،ج 20،ص588ملخصاً-مدنی مذاکرہ، یکم ربیع الآخِر 1439ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

ناپ تول میں کمی کرنے کا وبال

سوال:ناپ تول میں کمی کرنے کا شریعت میں کیا حکم ہے؟

جواب:ناپ تول میں کمی کرنا حرام اور جہنم میں لے جانےوالا کام ہے۔ حضرت سیّدُنا شعیب علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کی قوم پر ناپ تول میں کمی کرنے کی وجہ سے عذاب آیا تھا جس کا ذکر قراٰنِ کریم پارہ12سورۂ ھُود کی آیات 84تا95میں بھی ہے۔ روحُ البیان میں نقل کیا گیا ہے:جو شخص ناپ تول میں خِیانت کرتا ہے، قِیامت کے روز اسے جہنم کی گہرائیوں میں ڈالاجائے گا اور دو پہاڑوں کے درمیان بِٹھا کرحکم دیاجائے گا، ان پہاڑوں کو ناپو اور تولو، جب تولنے لگے گا تو آگ اس کو جلا دے گی۔(روح البیان،ج 10،ص364) حکایت ایک شخص اپنے ترازو کو مٹی وغیرہ سے صاف نہیں کرتا تھا اسی طرح چیز تول کر دیتا تھا، جب وہ مرگیا تو اس کو قبر میں عذاب شروع ہوگیا۔ یہاں تک کہ لوگوں نے اس کی قبر سے چیخنے چلانے کی آوازیں سنیں، بعض صالحین (کو اس کی قبر سے چیخنے چلانے کی آوازیں سُن کر رحم آگیا اور انہوں) نے اس کے لئے دُعائے مغفرت کی تو اس کی برکت سے اللہ  پاک نے اس کا عذاب دُور فرما دیا۔(اخلاق الصالحین، ص61 ملخصاً) اس لرزہ خیز حکایت سے وہ لوگ ضرور عبرت حاصل کریں جو ڈنڈی مارتے اور کم ناپ تول کرتے ہیں، مسلمانو! ڈنڈی مار کر، کم ماپ کر بعض اوقات بظاہر مال میں کچھ زیادتی نظر آ بھی جاتی ہے مگر ایسی آمدنی کس کام کی؟ بسا اوقات دنیا میں بھی اس قسم کا مال وبال بَن جاتا ہے، ہوسکتا ہے کہ ڈاکٹروں کی فیسوں، بیماریوں کی دواؤں، جیب کتروں، چوروں یا رشوت خوروں کے ہاتھوں میں یہ مال چلا جائے اور پھر مَعَاذَ اللہ آخرت کا عذابِ شدید بھی بھگتنا پڑے۔ بہرحال ناپ تول میں کمی نہیں کرنی چاہئے پورا تول کردینا چاہئے۔(مدنی مذاکرہ،30جمادی الاخریٰ1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

لکڑی کے پھٹے پر نماز

سوال:کیا لکڑی کے پھٹے پر نماز پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:پڑھ سکتے ہیں۔ (مدنی مذاکرہ،3ربیع الاول1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

www.facebook.com/IlyasQadriZiaee/


Share

Articles

Comments


Security Code