Mohabbat e Rasool Ke Waqiat

Book Name:Mohabbat e Rasool Ke Waqiat

پیارے اسلامی بھائیو!  ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مدنی مصطفےٰ، رسولِ خُدا، احمدِ مجتبیٰ صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو داڑھی شریف سے پیار ہے، اسی لئے  امیر اہلسنّت مولانا محمد الیاس قادری دامَت بَرَکاتُہمُ العالِیہ کو بھی داڑھی شریف سے بڑا پیار ہے آپ داڑھی سے مُتَعَلِّق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فرماتے ہیں:اللہ  پاک ہمیں  ایمان پر موت نصیب فرما دے اِس سے پہلے کہ ہمارا چہرہ مَعاذَ اللہ  !دشمنانِ مصطفےٰ جیسا ہوجائے! افسوس! آج کل بہت سے مسلمان داڑھی شریف کے بالوں کو نوچ نوچ کر گندی نالیوں میں بہادیتے ہیں! آہ! ایسوں کا آخرت میں  کیا بنے گا؟ ایسا کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

یاد رکھئے! ایک مٹھی داڑھی رکھنا واجب اور داڑھی منڈانا یا ایک مٹھی سے کم کروانا دونوں حرام اور جہنّم  میں لے جانے والے کام ہیں۔دیکھیے! داڑھی رکھنا تمام انبیائے کرام علیہمُ السَّلام  کی سُنّت ِ مبارکہ ہے، کوئی نبی ایسا نہیں جس نے مَعاذَ اللہ  !داڑھی منڈائی ہو۔اِسی طرح کوئی ولی بھی داڑھی منڈا نہیں ہوسکتا۔  اللہ  پاک ہم سب کو داڑھی شریف سجانے کی توفیق عطا فرمائے، کاش! ہم سب سُنّتِ مصطفےٰ کے دِیوانے ہو جائیں، کاش! صد کروڑ کاش! سر سے پاؤں تک ہمارا سارا وُجُود سُنّت کے سانچے میں یُوں ڈھلے کہ سُنتوں کی چلتی پِھرتی تصویر بن جائیں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم ۔

 اے عاشقانِ رسول! اَلحمد لِلّٰہ! آج کے اِس پُرفتن دور میں عاشقانِ رسول کی دینی تنظیم دعوتِ اسلامی ہمیں پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰصَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا دامنِ کرم تھامنے، دوسروں کے طور طریقے اور فیشن چھوڑ کرپیارے آقا صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی پیاری پیاری پاکیزہ سُنّتوں  کو اَپنانے کا درس دیتی ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔