Book Name:Mosam Sarma Ki Barkat

سردیاں کیسے گزاریں ؟  

 ( 2 ) : رات کا قیام اور دِن کا روزہ

ہمارے  پیارے آقا ، مدینے والے مصطفےٰ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نےفرمایا : سردی کا موسم مومن کاموسمِ بہارہے کہ اِس میں دِن چھوٹے ہوتے ہیں تو مومن اِس میں روزہ رکھتے ہیں اور اِس کی راتیں لمبی ہوتی ہیں تو وہ اِس میں قیام کرتے  ( یعنی نوافل وغیرہ پڑھتے )  ہیں۔ ( [1] )

جنّتی صحابی ، حضرت عبدُاللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ عنہ  موسمِ سرما کی آمد پر فرماتے : سَردی کو خوش آمدید ، اِس میں اللہ پاک کی رَحمتیں نازل ہوتی ہیں کہ شب بیداری کرنے والے کے لئے اِس کی راتیں لمبی اور روزہ دار کے لئے دن چھوٹا ہوتا ہے۔ ( [2] )

ٹھنڈی غنیمت

پیارے اسلامی بھائیو ! سردی مؤمن کا موسمِ بہار ہے ، اس کے دِن چھوٹے ہیں ؛ لہٰذا روزے رکھنا آسان ہوتا ہے۔ الحمد للہ ! سردِیاں تشریف لا چکی ہیں : خوب نفل روزے رکھئے ! اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی  صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : سَردی کے روزے ٹھنڈی غنیمت ہیں۔ ( [3] )

مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ اس حدیث کے تحت فرماتے ہیں : سَردی کے روزے ٹھنڈی غنیمت اس لئے ہیں کہ اس  میں ( بھوک پیاس کی )  تکلیف بہت کم اور روزے کا ثواب پورا ملتا ہے۔ ( [4] )   


 

 



[1]... شعب  الایمان،جلد:3،صفحہ: 416، حدیث:3940۔

[2]... مسندِ فردوس،جلد:4،صفحہ:164،حدیث:6513۔

[3]... ترمذی،کتاب:الصوم،باب :ما جاء فی الصوم فی الشتاء،صفحہ:219،حدیث:797۔

[4]...مرآۃ المناجیح، جلد:3، صفحہ:192 بتغیر قلیل۔