Book Name:Sahabiyat Aur Deen Ki Khatir Qurbaniyan

مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے ، دنیا میں آتے ہی کانوں میں اَذان گونجی ، ہر طرح کی مذہبی آزادی ملی ، کوئی نَماز سے روکنے والا نہ کوئی کَلِمَہ  پڑھنے پر ظُلْم ڈھانے والا۔ یہ سب نعمتیں انہی نُفُوسِ قُدْسِیَہ کی قُربانیوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ لُٹا دیا مگر دین پر آنچ نہ آنے دی ، بِلاشُبہ ان سب کی قُربانیوں کو کسی صُورَت فَرامَوش نہیں کیا جا سکتا کہ جو قومیں اپنے مُحْسِنوں کو بھول جاتی ہیں زوال ان کا مُقَدَّر ٹھہرتا ہے۔

راہِ خدا میں کیسی چیز پیش کی جائے؟

               پیارے پیارے اسلامی بھائیو!خَیر و بھلائی حاصِل کرنے کا ایک بَہُت بڑا ذریعہ یہ بھی ہے کہ راہِ خُدا میں ہمیشہ ایسی چیز کا نذرانہ پیش کیا جائے جو پسندیدہ و مَحْبوب ہو۔ خود اللہ پاک نے اس مُعَامَلے میں ہماری راہ نُمائی فرمائی ہے ، چنانچہ پارہ 4 سورۂ اٰلِ عمران کی آیت نمبر 92 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :

لَنْ  تَنَالُوا  الْبِرَّ  حَتّٰى  تُنْفِقُوْا  مِمَّا  تُحِبُّوْنَ  ﱟ   (پ۴ ، آل عمران : ۹۲)

ترجمۂ کنز العرفان : تم ہرگز بھلائی کو نہیں پا سکو گے جب تک راہِ خدا میں اپنی پیاری چیز خرچ نہ کرو۔

                             پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آئیے! اب صحابیات طیّبات  رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہُنّ  کی راہِ خُدا میں مال اور خاندان کے حوالے سے دی جانے والی چند قُربانیاں ملاحظہ کیجئے ، چنانچہ

کنگن حکم سرکار پر قربان